بنگلورو،30؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کے لیڈران ہمیشہ سے جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں۔
کل دورۂ بنگلور اور کرناٹک پر آئے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریبات میں ان کی عدم شرکت پر بی جے پی کی نکتہ چینی کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ایک سرکاری تقریب میں ریاست کے وزیر اعلیٰ کو مدعو کس طرح کیاجاتا ہے اس سے ناواقف محکمۂ ریلویز کے افسران کی حرکت پر انہوں نے بیدر کلبرگی ریلوے لائن کے افتتاحی جلسہ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بی جے پی اور وزیر اعظم مودی اس معاملہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہ کریں۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم مودی مجھ سے خوفزدہ ہیں اسی لئے جب بھی کرناٹک آتے ہیں مجھے نشانہ بناکر بیان بازی کرکے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے حکومت کی تنقید جمہوری نظام کے تحت ضروری ہے، لیکن اگر یہ تنقید بے جا اور غیر ضروری ہوتو عوام بھی ان باتوں کو محسوس کرلیتے ہیں ۔اسی لئے انہوں نے بی جے پی کی بے جا تنقیدوں پر توجہ دینا چھوڑ دیا ہے۔اس سوال پر کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں چامنڈیشوری حلقہ سے انہیں ہرانے کی سازش رچی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ان سب باتوں کی وہ پرواہ نہیں کرتے۔ انہیں یقین ہے کہ وہ اس حلقہ سے ضرور کامیاب ہوں گے۔