نئی دہلی،13؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وزیراعظم نریندر مودی کل ممبئی میں بحری آبدوزآئی این ایس کلوری قوم کے نام وقف کریں گے۔آئی این ایس کلوری ایک ڈیزل ۔الیکٹرک آبدوز ہے جو مزگون ڈاک شپ بلڈرس لمیٹیڈ کے ذریعہ ہندستانی بحریہ کے لئے بنائی گئی ہے۔یہ اس طرح کی چھ آبدوزوں میں سے پہلی آبدوز ہے جس کو ہندستانی بحریہ میں شامل کیا جائے گا اور یہ میک ان انڈیا پہل کے لیے اہم کامیابی کا مظہر ہے۔ اس بحری آبدوزپروجیکٹ کو فرانس کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔وزیراعظم، وزیر دفاع نرملا سیتا رمن اور مہاراشٹر حکومت کی معزز شخصیتوں کے علاوہ بحریہ کے سینئرافسروں کی موجودگی میں نیول ڈاک یارڈراس آبدوزکوقوم کے نام وقف کریں گے۔مودی اس موقع پر منعقد ایک تقریب سے خطاب کریں گے اور آبدوز کامعائنہ کریں گے اور اس میں سفر بھی کریں گے۔