لکھنؤ، یکم ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر یوپی اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں اور الاؤنس میں اضافہ سے متعلق بل کو آج اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور ی دے دی گئی ۔پارلیمانی امور کے وزیر اعظم خاں کی طرف سے حکومت کے فیصلے کو نافذ کرنے کے لیے کل اسمبلی میں پیش اترپردیش ریاستی قانون سازاسمبلی ارا کین کی حصولیابی اور پنشن ترمیمی بل 2016کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔اس میں ممبران اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ موجودہ 75ہزار روپے سے بڑھا کر سوا لاکھ روپے کرنے کی تجویز ہے۔ایوان میں پیش بل میں قانون ساز اسمبلی کے دونوں ایوانوں کے ارا کین کی بنیادی تنخواہ 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 25ہزار روپے کرنے کی تجویز کی گئی تھی ۔اسی طرح حلقہ انتخاب الاؤنس کو ہر ماہ 30ہزار سے بڑھا کر 50ہزار، میڈیکل الاؤنس کو 20ہزار سے بڑھا کر 30ہزار اورسکریٹری الاؤنس کو 15ہزار سے بڑھا کر 20ہزار روپے کر دئیے جانے کی تجویز پیش کی گئی تھی ۔بل میں موجودہ ممبران اسمبلی کو ملنے والے ریل کوپن الا ؤنس کو سالانہ 3.25لاکھ سے بڑھا کر 4.25لاکھ روپے کر دئیے جانے کا انتظام کیا گیا ہے جس سے ماہانہ 25ہزار روپے تک کی رقم نجی گاڑی کے ڈیزل، پٹرول کے لیے لی جا سکے گی۔ممبران اسمبلی کو ایوان کے اجلاس میں حصہ لینے کے لیے اب روزانہ 1000کی جگہ 2000یومیہ الاؤنس ملے گا، جبکہ قانون سازی کمیٹیوں کے اجلاس میں یومیہ الاؤنس کی رقم 800سے بڑھا کر 1500روپے کر دی جائے گی ۔