ممبئی، 20/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ریاستی اسمبلی انتخابات کے قریب آنے کے ساتھ ہی بی ایم سی کے لائسنسنگ ڈپارٹمنٹ نے ضابطۂ اخلاق نافذ ہوتے ہی شہر اور اس کے مضافات میں لگے سیاسی ہورڈنگز، بینرز اور پوسٹروں کو ہٹانے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ صرف 48 گھنٹوں میں 7,389 پوسٹرز، پلے کارڈز، بینرز اور جھنڈے وغیرہ ہٹا دیے گئے ہیں۔ یہ کارروائی انتخابی ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مہاراشٹر اسمبلی کے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ اسی مناسبت سے ضابطہ اخلاق نافذ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہری انتظامیہ نے شہرو مضافات میں لگے ہورڈنگز، بینرز، پوسٹرز اور جھنڈے وغیرہ کو ہٹانے کا کام جنگی پیمانے پر شروع کر دیا ہے ۔ ضابطۂ اخلاق کی مدت کے دوران ممبئی میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں کہیں بھی بغیر اجازت پلے کارڈز اور بینرز نہیں لگائے جائیں گے۔ انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ ان مقامات پر مقررہ اجازت کے بعد ہی اشتہاری بورڈز، پوسٹرز اور بینرز آویزاں کئے جاسکتے ہیں۔
ضلع انتخابی افسر اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے غیر قانونی اشتہاری بورڈز، بینرز اور پوسٹرز وغیرہ لگانے والوں کے خلاف قواعدکی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد ۴۸؍ گھنٹوں میں ۷؍ہزار ۳۸۹؍ غیر قانونی اشتہاری بینرز وغیرہ ہٹائے گئےجن میں ۹۴۲؍ پوسٹرز، ۸۱۷؍ پینل، ۵۹۶؍ کٹ آئوٹ ہورڈنگز، ۳؍ہزار ۷۰۳؍ بینرز، ایک ہزار ۳۳۱؍ جھنڈے وغیرہ شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر چندا جادھو نے لائسنسنگ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کو ایسے مواد کو ہٹانے کی کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔