ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممبئی کے الفیسٹن ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ ،22افراد ہلاک 50 زخمی؛ واقعہ پر وزیر اعظم اور دیگر لیڈران کا اظہار افسوس

ممبئی کے الفیسٹن ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ ،22افراد ہلاک 50 زخمی؛ واقعہ پر وزیر اعظم اور دیگر لیڈران کا اظہار افسوس

Fri, 29 Sep 2017 20:28:21    S.O. News Service

ممبئی، 29 ستمبر(ایس او نیوز) ممبئی کے  الیفنسٹن روڈ ریلوے اسٹیشن کے فٹ اوور بریج پر واقع بھگدڑ سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہوگئے ، جبکہ 50 سے زائد زخمی  ہوئے ہیں۔  مختلف ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق   حادثہ صبح   10:30  بجے اُس وقت پیش آیا جب زوردار بارش ہونے کے نتیجے میں کافی لوگ اووربریج پر بارش رُکنے کا انتظار کررہے تھے کہ اس دوران چار ٹرینیں اسٹیشن پر آکر  رُک گئی جس سے  فٹ اوور بریج پر بھیڑ میں مزید اضافہ ہوگیا۔

پولس کو شک ہے کہ شارٹ سرکٹ کی تیز آواز کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔جبکہ مختلف لوگوں کی طرف سے مختلف باتیں سامنے آئی ہیں، مختلف ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کچھ عینی شاہدین نے بتایا کہ  بریج ٹوٹنے کی افواہ پھیلی تھی جس سے افراتفری مچ گئی جو بعد میں بھگڈر میں تبدیل ہوگئی۔ بھگڈر کی اہم وجہ بریج کی باریکی بتائی گئی  ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ سو سال پرانی بریج کو نہ چوڑا کیا گیا ہے اور نہ ہی دوسری متبادل بریج بنائی گئی ہے۔ لوگ اُسی خستہ حال بریج پر سے ٹرینوں کی طرف بھاگنے پر مجبور ہیں۔

جائے واردات پر موجود کچھ لوگوں نے میڈیا والوں کو بتایا کہ بھگڈر کے بعد ایک کے اوپر ایک لاشیں اور زخمی لوگ پڑے ہوئے تھے، ہم نے اُنہیں اُٹھایا اور گاڑیوں تک لے گئے، ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے لوگ بریج پر ہی رُکے ہوئے تھے، جس کےبعد ٹرینوں پر سوار ہونے کے لئے دھکا مکی شروع ہوگئی اور بھگڈر مچ گئی۔ جہاں تہاں لاشیں اور زخمی لوگ پڑے ہوئے تھے۔ ایک عینی شاہد نے میڈیا والوں کو بتایا کہ پولس اور ریلوے حکام اُس وقت جائے وقوع پر پہنچے جس وقت لاشوں اور زخمیوں کو لوگ اُٹھا کر اسپتال منتقل کرچکے تھے۔

ویسٹرن ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ لوگ بارش سے پہلے ہی اسٹیشن پر کافی بڑی تعداد میں موجود تھے، کہ  لگ بھگ ایک ہی وقت پر چار ٹرینیں اسٹیشن پر آکر رُک گئی ، جس سے بھیڑ میں مزید اضافہ ہوا اور یہی حادثے کا سبب بنا۔

موقع واردات پر موجود لوگوں نے بتایا کہ صبح 10:30 بجے حادثہ پیش آیا تھا، حادثے کے بعد وہاں موجود لوگ ہی فوراً راحت رسانی اور بچائو کے کام میں جُٹ گئے۔ پولس اور اسپتال کی کوئی بھی سہولت پہنچنے تک لوگوں نے خود ہی زخمیوں کی مدد کی۔

چلتی ٹرینوں سے گرکر مسافروں کی موت پر تشویش، مگر حکام خاموش:

جنوری سے اگست کے درمیان  آٹھ ماہ میں 410 لوگ چلتی ٹرینوں سے نیچے گر کر ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، بتایا گیا ہے کہ یہ اعداد وشمار صرف ممبئی کےمضافاتی ریلوے  نٹ ورک کے ہیں، جبکہ  نیچے گرنے کے نتیجے میں 931 لوگ زخمی بھی ہوئے  ہیں، شہری ریلوے نٹ ورک کی بات کی جائے تو  آٹھ ماہ میں 259 لوگوں کی موت چلتی ٹرینوں سے نیچے گرنے سے  ہوچکی ہے اور 504 زخمی ہوئے  ہیں۔

تھانے اور ڈومبیولی کے درمیان چلتی ٹرینوں سے گر کر  47 کی  لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور 127 زخمی ہوچکے ہیں۔ دو روز قبل بدھ کو تھانے اور ڈومبیولی کے درمیان تین حادثے ہونے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ ریلوے وزیر نے لگ بھگ دو سال پہلے ایک ہائی لیول کمیٹی بنائی تھی جس  میں  ٹرینوں میں تعداد سے زیادہ لوگوں کی بھیڑ ہونے پر  رپورٹ تیار کرنے کو  کہا گیا تھا لیکن آفسران نے اُسے ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا۔

عوام شکایت کررہے ہیں کہ ممبئی میں بڑھتی بھیڑ اور ریلوے میں ناکافی سہولیتں حادثوں کا اہم سبب ہیں۔ پرانے بریجوں کی مرمت نہیں کی جارہی ہے، بریجوں کو چوڑا نہیں کیا جارہا ہے، اسٹیشنوں میں لوگوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، مگر بڑھتی تعداد پر قابو پانے اور اُنہیں مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے میں محکمہ ریلوے کی طرف سے کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ہے۔

صدر اور وزیراعظم کا اظہار افسوس

 نائب صدر وینکیا نائیڈو نے آج کے حادثے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے  اور کہا ہے کہ  ممبئی کے ایلیفسٹن ریلوے اسٹیشن کے فٹ اووربریج پر مچی بھگدڑ میں کئی لوگوں کے مرنے اور زخمی ہونے کی اطلاع کی وجہ سے میں  صدمہ میں ہوں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ : اپنے عزیزوں کے کھونے کے صدمہ سے دوچار اہل خانہ کے ساتھ ہم بھی اُن کے غم میں برابر کے شریک ہیں، زخمیوں کے فوری صحت مند ہونے کی دعا کرتا ہوں۔

واقعہ پر غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ریلوے کے وزیر پیوش گوئل وہاں موجود ہیں اور ہر ممکن امداد کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کارکنوں کو ضرورت مند لوگوں کو امداد و معالجہ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔

فڑنویس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا  کہ  مہلوکین کے ورثا کو پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ کا اعلان کیا جاتا ہے ۔ زخمیوں کے علاج کا مکمل خرچ حکومت اٹھائے گی، انہوں نے لکھا کہ   مہاراشٹر حکومت اور ریلوے کی وزارت ضرورت پڑنے پر معاملے کی جانچ کرے  گی، فڑنویس نے ٹویٹ کیا ہے، ممبئی کے ایلفنسٹن ریلوے اسٹیشن کے فٹ اوور بریج پر بدقسمتی سے مچی بھگدڑ کے بارے میں جان کر بہت دکھی ہوں، میرا دل بہت زیادہ غمگین ہے ۔ انہوں نے لکھا ہے،" چیف سکریٹری اور ممبئی پولیس کمشنر سے گفتگو کی ہے ،انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچنے اور کیس کی نگرانی کرنے اور مکمل امداد و معالجہ کو یقینی بنانے کو کہا ہے۔

کانگریس کے ترجمان رندیپ سوریج والانے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ:' ایلیفسٹن میں خوفناک حادثہ ، میں مہلوکین کے ورثاء کے ساتھ غم میں برابر کا شریک ہوں ،حکومت بلیٹ ٹرینوں کی بات کر تی ہے، لیکن اصل سہولیات عنقا ہیں۔ ، سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ: ایلپفسٹن ریلوے اسٹیشن میں بھگدڑ میں مارے گئے لوگوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہوں، حکومت پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے لکھا: نام بدلنے اور جعلی تشہیر کرنے کے بجائے اگر ریلوے کی بنیادی سہولیات پر توجہ دی جاتی تو اس طرح کے حادثات رونما نہیں ہوتے ۔ 


Share: