ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممبئی میں پانچ کروڑ کی مالیت کا پینڈنٹ لوٹنے والامنگلورومیں گرفتار

ممبئی میں پانچ کروڑ کی مالیت کا پینڈنٹ لوٹنے والامنگلورومیں گرفتار

Thu, 11 Aug 2016 15:39:10    S.O. News Service

منگلورو11/اگست (ایس او نیوز)جولائی کے مہینے میں ممبئی کے ایک تاجر کا اغوا کرکے اس کے پاس سے ہیرے جڑا ہوا ایک پینڈنٹ لوٹنے والے شخص کو انسپکٹر سنیل وی نائک کی قیادت میں منگلورو پولیس کی سی سی بی ٹیم نے گرفتار کرلیا ہے۔اور لوٹا گیا پینڈنٹ ملزم کے پاس سے برآمد کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس پینڈنٹ کی قیمت پانچ کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، جس میں دیگر ہیروں کے ساتھ روبی جیسا بہت ہی بڑا اور قیمتی ہیرا بھی جڑا ہوا ہے۔

 گرفتار شدہ ملزم کا نام کے وائی یونس بتایا جاتا ہے جوکہ بیکرناکٹّے کارہنے والا ہے۔پولیس کے بیان کے مطابق اسے اس بات کی خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پینڈنٹ کو کسی طرح فروخت کرنے کے معاملے پر بات چیت کے لئے لوٹ کے اس معاملے کا دوسرا ملزم طلعت اور یونس 10اگست کو ایک زیر تعمیر عمارت کے پاس آلٹو کار میں ملنے والے ہیں۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر چھاپہ مارا اور یونس کو پنڈنٹ اور کار کے ساتھ گرفتار کرلیا جبکہ طلعت پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

کہاجاتا ہے کہ یونس اور طلعت باجل کے علاوہ لکھیت گوپال شیٹی،نصیر احمد خان،فقیر محمد عرف شامیر شیخ،گوتم اننت کدم،پرتیک آلوک موہیتی اور شامیر عرف حسن خان نے ممبئی میں تاجر کا اغواء کرکے یہ پینڈنٹ لوٹا تھا اور اب وہ لوگ اسے ہاسن میں فروخت کرنے کا منصوبہ بنارہے تھے۔باندرہ کرلہ کامپلیکس پولیس اسٹیشن میں یہ کیس درج کیا گیا تھا اور ممبئی پولیس نے منگلورو پولیس کو اس کی تما م تفصیلات فراہم کی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پینڈنٹ میں موجود صرف روبی کی قیمت ہی پانچ کروڑ روپے ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ہیرے اور سونے کی مالیت الگ سے ہے۔سی سی بی پولیس نے ملزم سے ضبط شدہ پینڈنٹ،کار اور موبائل فون وغیرہ منگلورو ایسٹ پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
 


Share: