ممبئی یکم ستمبر (ایس او نیوز) منگل کو ممبئی میں زبردست بارش کے دوران گھر لوٹتے وقت مین ہال میں گر جانے والے ممبئی اسپتال کے سینئر ڈاکٹر دیپک امرا پُرکر کی لاش جمعرات کو ورلی کے ایک نالے سے برآمد کی گئی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ صبح ورلی کے نزدیک نالے میں ایک لاش موجود ہونے کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد لاش کی شناخت ڈاکٹر امراپُرکر کے طور پر کئی گئی۔
لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کی گئی ۔
بتایا گیا ہے کہ زبردست بارش کے پیش نظر ڈاکٹر امراپُرکراپنی کار پر سوار ہوکر گھر جانے کے بجائے پیدل جا رہے تھے، جس کے دوران وہ پارلے میں ایک مین ہال میں گر گئے اور لاپتہ ہوگئے ۔ بتایا گیا ہے کہ اسپتال سے ڈاکٹر کا گھر مشکل سے 10 منٹ کی دوری پر ہے ، مگر جب وہ رات گئے تک گھر نہیں پہنچے تو گھروالوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی ۔
ڈاکٹر امرا پُرکر کی موت کے بعد ممبئی میں گزشتہ دو۔ تین دنوں کے دوران ہوئی بارش میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر چھ ہوگئی ہے ۔