ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملیکارجن کھرگے نے پی ایم مودی کو قرار دیا جھوٹوں کا سردار؛ کہا؛ پرانی گارنٹیاں ہی لاگو نہیں کرسکے، اب دے رہے ہیں نئی گارنٹیاں

ملیکارجن کھرگے نے پی ایم مودی کو قرار دیا جھوٹوں کا سردار؛ کہا؛ پرانی گارنٹیاں ہی لاگو نہیں کرسکے، اب دے رہے ہیں نئی گارنٹیاں

Fri, 05 Apr 2024 01:36:37    S.O. News Service

نئی دہلی  4/اپریل (ایس او نیوز) کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں جھوٹوں کا سردار قرار دیا۔ جمعرات کوو  ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کھرگے نے   کہا کہ ’’مودی سب کو ڈرا رہے ہیں، وہ جھوٹوں کے سردار ہیں۔ جب چین نے ہندوستان کے علاقے میں دراندازی کی تھی تو مودی نیند کی گولیاں کھا کر سو رہے تھے۔ مودی ملک کے بارے میں نہیں سوچتے بلکہ گاندھی خاندان کو گالیاں دینے میں مصروف رہتے ہیں۔‘‘

چتور گڑھ میں کانگریس امیدوار ادے لال انجانا کی حمایت میں منعقدہ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’مودی جی کہتے ہیں میری چھاتی 56 انچ کی ہے، میں ڈروں گا نہیں۔ ارے بھائی اگر آپ نہیں ڈرتے ہیں تو ملک کے ایک بڑے حصے کو چین کے لیے کیوں چھوڑ دیا؟ وہ اندر گھسے چلے آ رہے ہیں۔ کیا آپ سوئے ہوئے ہیں؟ کیا آپ نیند کی گولی کھائے ہوئے ہیں؟‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ہر جگہ ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو لوگوں کے پیچھے لگا رکھا ہے۔ میں تو یہی کہوں گا کہ وہ ہمیشہ جھوٹ بولتے رہتے ہیں۔

کھڑگے نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’لوگ نہ تو مودی پر بھروسہ کریں اور نہ ہی ان کی گارنٹیوں پر۔ مودی جی کی ایک بھی گارنٹی پوری نہیں ہوئی، انہوں نے نہ تو 2 کروڑ نوکریاں دیں، نہ لوگوں کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کرائے ، نہ کسانوں کی آمدنی دوگنی ہوئی اور نہ ہی ایم ایس پی بڑھی۔‘‘  مزید کہا  ’’سب جھوٹ ہے، ایک کے بعد ایک وہ مسلسل جھوٹ بولتے رہتے ہیں۔ اب وہ ایک نیا ڈرامہ لے کر آئے ہیں، وہ یہ ہے کہ ’یہ مودی کی گارنٹی ہے اور مودی ضرور اپنی گارنٹی کو پورا کرے گا‘۔ آپ نے اپنی پرانی گارنٹیاں ہی لاگو نہیں کیں، اب نئی گارنٹیاں دے رہے ہیں؟ جو آدمی اپنی پرانی گارنٹیوں کو پورا نہیں کرسکتا، اس کی نئی گارنٹیوں پر کیسے بھروسہ کیا جا سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ مودی کی گارنٹی پر بھروسہ مت کرو اور مودی جی کے اوپر بھی بھروسہ مت کرو۔‘‘

ملکارجن کھڑگے نے یہاں تک کہہ دیا کہ ’’مودی جی سب کو ڈراتے ہیں، دھمکاتے ہیں لیکن کانگریس کے لوگ ڈرنے والے نہیں ہیں۔ وہ ہمت سے لڑنے والے لوگ ہیں۔ اگر آپ انہیں ڈرانا دھمکانا چاہتے ہیں تو یہ نہیں ہونے والا ہے۔ آپ سے بھی زیادہ لڑنا ہم نے سیکھا ہے۔ آپ نے صرف بات کرنا سیکھی ہے، ہم نے تیاگ (قربانی) دینا  سیکھا ہےاور لوگوں کے ساتھ بھلائی کرنا بھی سیکھا ہے۔‘‘ ملکارجن کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ ’’جس ملک میں سوئی نہیں بنتی تھی اس ملک میں جواہر لعل نہرو اور اندرا گاندھی کی وجہ سے راکیٹ بننے لگا۔‘‘


Share: