بنگلورو،30/دسمبر(ایس او نیوز) صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے بچوں کو آواز دی کہ وہ فطرت اور ثقافت کی حفاظت کاجذبہ اپنے اندر پیدا کرتے ہوئے قدرتی وسائل اور تہذیب و ثقافت کے تحفظ کے لئے آگے بڑھیں۔بنگلوروشہر کے نیشنل کالج میدان میں آدھا چیتنا سیوا اتسوا کا افتتاح کرنے کے بعد صدر ہند نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان میں پہلے ہی سے قدرتی وسائل اور تہذیب وثقافت کے تحفظ کی روایت چلی آرہی ہے۔ اس لئے قدرت اور تہذیب وتمدن کو بچائے رکھنے کاجذبہ بچوں میں پیدا ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کیلئے فطرت اور تہذیب کی حفاظت دونوں کافی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صلاحیتوں اور تعلیم کے ساتھ سماج کیلئے درکار ضروریات کو پورا کئے جانے والی اس اہم تقریب میں شرکت کرتے ہوئے انہیں کافی مسرت ہورہی ہے ۔ مذکورہ ادارے کے سماجی وتعلیمی خدمات کو کافی سراہتے ہوئے ادارے کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرنے کے بعد صدر جمہوریہ نے کہا کہ مذکورہ ادارہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو اپنا کر ضرورتمند افراد کی بروقت جو خدمت انجام دے رہا ہے وہ قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نے بچوں میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بھی کافی اہم کردار ادا کررہا ہے جس کے لئے مبارکباد کامستحق ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ آدھا چیتنا معیاری غذا فراہم کرکے خدمت کررہا ہے ۔ اور اسکولی بچوں میں دوپہر کا کھانا فراہم کرتے ہوئے بچوں کو اسکولوں کی جانب راغب کرتے ہوئے ان میں صلاحیتوں کو ابھرنے کا جو کام کررہا ہے وہ کافی خوش آئند بات ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ نیشنل ہائی اسکول کے سو سالہ کے موقع پر بھی نیشنل ایجوکیشن سوسائٹی کے عہدیداروں کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی اسکول ،آل انڈیا کانگریس کی بانی اینی بیسنٹ کا قائم کردہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسی نیشنل ہائی اسکول کو 1936کے دوران گاندھی جی نے دورہ کیا تھا ۔ اس دورہ کے دوران 16سالہ طالب علم ہسور نرسمہا نے گاندھی جی کی ہندی تقریر کا کنڑا زبان میں ترجمہ کرکے پیش کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نرسمہا ایک عظیم شخصیت تھے جو اسی نیشنل ہائی اسکول کے طالب علم رہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ مذکورہ نیشنل ہائی اسکول نے کئی عظیم شخصیتوں کو پیش کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ صدرہند نے کہا کہ ملک کی تعمیر میں تعلیمی اداروں کا کافی اہم کردار رہا ہے ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر اننت کمار جو آدمیا چیتنا فاؤنڈیشن کے بانی بھی ہیں اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا ادارہ فطرت اور تہذیب کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ کروڑ پودوں کی شجر کاری کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ اننت کمار نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے احمد آباد میں31دسمبر کو ’’سائیکل ڈے‘‘ پروگرام شروع کررہے ہیں ۔ جس کے ذریعہ ماحولیات کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔ اسی طرز پر 31دسمبر کو آدمیا چیتنا فاؤنڈیشن کی جانب سے بھی’’سائیکل ڈے‘‘پروگرام منایاجائے گا۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ کو تہنیت پیش کی گئی ۔ تقریب میں ریاستی گورنر وجوبھائی والا ، آرمیا چیتنا فاؤنڈیشن کی تیجسوینی اننت کمار ، نیشنل ایجوکیشنل سوسائٹی آف کرناٹک کے صدر ڈاکٹر وی ۔ ایچ رام راؤ سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھے۔