ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مفتی اشرف علی باقوی کی رحلت ملت کاناقابل تلافی نقصان:مولانااسرارالحق قاسمی

مفتی اشرف علی باقوی کی رحلت ملت کاناقابل تلافی نقصان:مولانااسرارالحق قاسمی

Sun, 10 Sep 2017 10:19:35    S.O. News Service

کشن گنج،9؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امیرشریعت کرناٹک اور دارالعلوم سبیل الرشادکے مہتمم و شیخ الحدیث مفتی اشرف علی باقوی کی رحلت پر اپنے قلبی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بزرگ عالم دین و ممبرپارلیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے کہاکہ ان کی وفات سے ہندوستانی مسلمانوں کا بڑا خسارہ ہواہے اوراس کی بھرپائی مشکل ہے۔انہوں نے کہاکہ مفتی صاحب نہایت ہی متحرک اور سرگرم عالم دین تھے،انہوں نے تعلیم و تدریس کے ذریعہ بھی مسلمانوں کی خدمت کی اور ملی و رفاہی خدمات کے ذریعہ بھی ہندوستانی مسلمانوں کے کام آتے رہے۔مولاناقاسمی نے ان سے اپنی رفاقت و تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ مفتی صاحب نہایت مخلص،خوش اخلاق اور خوش طبع انسان تھے،ان کے دل میں ہر وقت مسلمانوں کے تئیں ہمدردی وفکرمندی کے جذبات موجزن رہتے تھے ،انہوں نے جنوبی ہندمیں ایک معیاری ادارہ قائم کرکے جہاں امت کے نونہالوں کوبہترین دینی تعلیم کا موقع فراہم کیا،وہیں ملی کونسل،آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈاور دیگر ملی اداروں کے پلیٹ فارم سے ملک کے مسلمانوں کی رہنمائی وقیادت کا فریضہ بھی انجام دیتے رہے۔واضح رہے کہ مفتی اشرف علی باقوی کا کل ۸؍ستمبرکو مختصرعلالت کے بعد انتقال ہوگیا،وہ ہندوستان کے نمایاں اور اکابر علماء میں سے تھے اور خاص طورپر کرناٹک کے مسلمانوں میں دینی و تعلیمی بیداری پیداکرنے کے حوالے سے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے ملی کونسل،پرسنل لا بورڈ،اسلامک فقہ اکیڈمی،رابطہ ادب اسلامی جیسے قومی سطح کے علمی و رفاہی اداروں میں اہم عہدوں پر رہ کر خدمت انجام دی،ساتھ ہی وہ کرناٹک کے کئی دینی اداروں کے سرپرست بھی تھے۔ مولاناقاسمی نے ان کے ورثاواہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے لئے مغفرت و بلندی درجات کی دعاء کی ہے۔


Share: