نئی دہلی 29؍دسمبر(ایس او نیوز) آر ایس ایس سے وابستہ بھگوا بریگیڈ کی ایک تنظیم ہندو جاگرن منچ نے اعلان کیا ہے کہ مسلمانوں کو 'لوجہاد'کا جواب انہیں کی زبان میں دینے کے لئے منصوبہ بندی کے ساتھ مسلم لڑکیوں کی شادی ہندو لڑکوں کے ساتھ رچائی جائے گی۔ اس مہم کا نام ہندوجاگرن منچ نے 'بیٹی بچاؤ۔بہو لاؤ' رکھا ہے۔
خیال رہے کہ بیٹوں کو رحم مادر میں مار ڈالنے کے خلاف اور لڑکیوں کو سماجی زندگی میں آگے بڑھانے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی نے"بیٹی بچاؤ۔ بیٹی پڑھاؤ' کانعرہ دیا تھا۔ اسی نعرے کو ذراساتبدیل کرتے ہوئے ایچ جے ایم نے نام نہادلوجہاد کے خلاف مہم چھیڑنے کااعلان کیا ہے۔ہندوتوا کے علمبردار شدت پسند گروپوں کا الزام ہے کہ مسلم لڑکے ہندو لڑکیوں کو اپنی محبت کے جال میں پھانس کر ان سے شادی کے بہانے میں تبدیلئ مذہب کی مہم چلارہے ہیں۔ ہندو جاگرن منچ کے اجّو چوہان کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کو انہیں کی زبان میں جواب دینے کے لئے 2100مسلم لڑکیوں کی شادی ہندو نوجوانوں کے ساتھ منظم طریقے پر انجام دی جائے گی۔اسلام چھوڑکر ہندو مذہب میں داخل ہونے والی ان بہوؤں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ انہیں مالی امداد بھی دی جائے گی۔
کچھ دنوں پہلے زعفرانی بریگیڈ کی ایک اور تنظیم وشواہندو پریشد نے بھی اعلان کیا تھا کہ اگر مسلم لڑکوں نے ہندو لڑکیوں سے محبت اور شادی والا لوجہاد کا سلسلہ بند نہیں کیا تو پھروی ایچ پی کی طرف سے بجرنگ ہندونوجوانوں کومسلم لڑکیوں کو پھانسنے کے لئے مہم پر روانہ کیا جائے گا۔ وی ایچ پی کے ایک لیڈر گوپال کا کہنا ہے کہ ہم لوگ پیار و محبت کے خلاف نہیں ہیں۔ مگر ہماری لڑکیاں شاہ رخ اور شریش، یا سلمان اور سنیل کو ایک ہی جیسے سمجھتی ہیں ، جبکہ وہ یہ نہیں جانتی ہیں کہ ہندو لڑکے صرف ایک بار شادی کرتے ہیں، اور دوسرے لوگ کئی کئی مرتبہ شادیاں رچاتے ہیں۔