ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مزید فلائٹس کو دھمکیاں، ہوابازی چیف کی برطرفی، وکرم دیودت کو وزارت کوئلہ میں سیکریٹری بنایا گیا

مزید فلائٹس کو دھمکیاں، ہوابازی چیف کی برطرفی، وکرم دیودت کو وزارت کوئلہ میں سیکریٹری بنایا گیا

Mon, 21 Oct 2024 12:55:01    S.O. News Service

نئی دہلی، 21/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ملک میں مسافر طیاروں کو بم دھماکے کی دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت اتوار کو 20 سے زائد پروازوں کو دھمکیاں موصول ہوئیں۔ جن ایئرلائنز کی فلائٹس کو نشانہ بنایا گیا ان میں انڈیگو، وستارا اور ایئر انڈیا شامل ہیں۔ اس سے پہلے، ہفتہ کو 30 طیاروں کو دھمکیاں ملیں، جس کی وجہ سے سیکڑوں مسافر گھنٹوں تک پریشان رہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں 90 سے زائد طیاروں کو دھمکیاں دی گئیں، حالانکہ کسی بھی طیارے میں دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔ ان دھمکیوں کے نتیجے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انتظامیہ بھی فکرمند ہے۔ مرکزی حکومت نے اس معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) چیف کو ہٹا دیا ہے۔ دھمکیوں کی وجہ سے اب تک 200 کروڑ روپے تک کا نقصان ہو چکا ہے۔ وزارت داخلہ نے اس سلسلے میں سول ایوی ایشن کی وزارت اور بیورو آف سول ایوی ایشن سیکیورٹی سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے، اور سی آئی ایس ایف، این آئی اے اور آئی بی کو بھی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

  اس دوران  مرکز نے ڈی جی سی اے کے سربراہ وکرم دیو دت کو عہدے سے ہٹا دیا  ہے اور انہیں وزارت کوئلہ میں سیکریٹری بنا یاگیا ہے۔ اس تبدیلی کو دھمکی آمیز معاملات سے جوڑا جا رہا ہے۔سنیچر کو ایک ساتھ۳۰؍ طیاروں کو دھمکیاں ملنے کے بعد، ایئر لائن کمپنیوں کے سینئر حکام نے بیورو آف سول ایوی ایشن سیکوریٹی(بی سی اے ایس) کے افسران سے ملاقات کی ۔ بیورو کے ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار حسن نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ہندوستانی  فضائی حدود مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

 طیاروں میں بم موجود ہونے کی اطلاع ملنے پر پروازوں کو اپنے طے شدہ ہوائی اڈے کے بجائے قریبی ہوائی اڈوں پر اتارا جارہا ہے۔ اس سے نہ صرف زیادہ ایندھن خرچ ہوتا ہے بلکہ ہوائی جہاز کو دوبارہ چیک کرنے، مسافروں کو ہوٹلوں میں رکھنے اور انہیں ان کی منزلوں تک پہنچانے کے انتظامات کرنے پڑتے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق ان سب کاموں پرتقریباً۳؍کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں ۔ اس ہفتے وستارا، ایئر انڈیا، انڈیگو، آکاسا، اسپائس جیٹ، اسٹار ایئر اور الائنس ایئر کی۷۰؍سے زیادہ گھریلو اور بین الاقوامی پروازوں کو دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جن سے اب تک ۲۰۰؍کروڑ روپے تک کا نقصان ہو چکا ہے۔

 جمعہ کی  دیر رات ، ایئر انڈیا ایکسپریس اور وستارا ایئر لائنز کی ایک ایک پرواز کو بم کی دھمکی دی گئی۔ ان میں سے دہلی سے لندن جانے والی وستارا کی فلائٹ کو فرینکفرٹ کی طرف موڑ دیا گیا تھا جبکہ۱۸۹؍ مسافروں  کے ساتھ دبئی سے جے پور آنے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز نے دوپہرایک بجکر۴۰؍منٹ پرجے پور میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ تفتیش کے دوران دونوں طیاروں میں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔

 ممبئی پولیس نے فلائٹ میں بم نصب کرنے کی جھوٹی خبر اڑانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے اور ایک نابالغ کو حراست میں لیا ہے۔ اس نے۱۴؍ اکتوبر کو انڈیگو کی پرواز میں بم نصب کرنے کی دھمکی دی تھی۔مسلسل دھمکیوں کے درمیان دہلی پولیس نے۶؍ ایف آئی آر درج کی ہیں جبکہ حکومت نے طیارے میں بم ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے۱۰؍ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا ہے۔

 ۱۶؍ اکتوبر کو وزارت ہوا بازی نے ائیرلائنس کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کو جواب دیا تھا۔ وزارت نے کہا تھا کہ ملزموں کی شناخت کر لی گئی ہے اور کارروائی کی جا رہی ہے۔ یہ بھی کہا کہ مزید معلومات اکٹھا کی جا رہی ہیں اور ایسے کئی معاملات پر کارروائی کی جا رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام سائبر یونٹس کو دھمکی آمیز سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ٹریک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر اکاؤنٹس بیرون ملک سے چلائے جا رہے ہیں۔


Share: