ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مزدوروں کی ہڑتال کا ریاست بھرمیں گہرا اثر؛ بنگلور سمیت کئی شہروں میں ٹرانسپورٹ اور کاروبار مفلوج

مزدوروں کی ہڑتال کا ریاست بھرمیں گہرا اثر؛ بنگلور سمیت کئی شہروں میں ٹرانسپورٹ اور کاروبار مفلوج

Sat, 03 Sep 2016 00:17:18    S.O. News Service

بنگلورو۔2/ستمبر(ایس او نیوز) مرکزی حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کی مذمت کرنے اور مجوزہ روڈ سیفٹی قوانین کے نفاذ کی مخالفت کیلئے ملک بھر کی مزدور یونینوں کی طرف سے آج ایک روزہ عام ہڑتال کا اثر بڑے پیمانے پر محسوس کیا گیا۔ ملک بھر میں 18/ کروڑ سے زائد مزدوروں نے ہڑتال میں حصہ لے کر مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اپنا احتجاج درج کیا۔ کرناٹک، تملناڈو، کیرلا، مہاراشٹرا، آندھرا پردیش سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں ہزاروں کی تعداد میں مزدوروں نے اپنے لال پرچموں کے ساتھ سڑکوں پر اتر کر احتجاجی مظاہرے کئے۔ ملک بھر میں مزدوروں کی اس قدر مضبوط آواز نے مرکزی حکومت کیلئے بھی پریشانی کھڑی کردی ہے۔ بنگال سمیت بی جے پی حکمرانی والی یکا دکا ریاستوں کو چھوڑ کر ملک بھر میں اس بند کا زبردست اثر دیکھنے کو ملا۔ ٹرانسپورٹ، انشورنس، مرکزی وریاستی سرکاری ملازمین،ملک کی تمام ٹریڈ یونینوں وغیرہ نے اس بند میں حصہ لیا۔

کرناٹک میں بند کا اثر کافی زبردست رہا۔ ریاست کے مختلف شہروں میں کے ایس آر ٹی سی بسیں سڑکوں سے غائب رہیں تو بنگلور میں بی ایم ٹی سی بسیں ندارد،نجی بسیں، آٹو رکشا، کیابس، وغیرہ بھی سڑکوں پر نہ اتریں۔ جس کی وجہ سے دفاتر جانے والے لوگوں اور مسافروں کو کافی دقت اٹھانی پڑی۔ سڑکوں سے بسوں کے غائب ہوجانے کا فائدہ اٹھاکر بعض مقامات پر آٹو ڈرائیوروں نے چار سے پانچ گنا زائد کرایہ وصول کرنے کی کوشش کی اور اس میں کامیاب بھی ہوگئے۔ شہر کے مختلف مقامات بشمول سٹی ریلوے اسٹیشن،بس اسٹانڈوں، میٹرواسٹیشنوں وغیرہ میں مسافروں کی کمی کے سبب ویرانی چھائی رہی۔ بیرون مقامات سے شہر پہنچنے والے مسافروں کوایرپورٹ اور ریلوے اسٹیشنوں میں سواریوں کیلئے کافی جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ بند کے دوران کسی طرح کی کوئی ناخوش گوار صورتحال رونما نہیں ہوئی۔حالانکہ سنیما گھروں میں فلموں کی نمائش حسب معمول رہی، لیکن فلم بینوں کی کمی کے سبب یہ بھی ویران ہی رہے۔ شہر کے مصروف ترین علاقوں کے آر مارکیٹ، یشونت پور، ملیشورم اور شیواجی نگر وغیرہ آج ویران نظر آئے۔ شہر بھر میں تمام تعلیمی اداروں کو کل ہی چھٹی کا اعلان کردیا گیا تھا۔

اڈپی اور منگلور میں چھ بسوں پر پتھراؤ کی اطلاع ملی ہے، گلبرگہ میں احتجاج کے دوران بسوراج نامی ایک شخص نے مطالبات منوانے پر زور دینے خود سوزی کرلی۔ 


Share: