بھٹکل 7/جنوری (ایس او نیوز) مرڈیشور سمندر میں تیرنے کے دوران اچانک ایک طالب العلم جب موجوں کی زد میں آکر غوطے کھاتے ہوئے ڈوبنے لگا تو فوری طور پر لائف گارڈ کے اہلکاروں کی مدد پہنچ گئی ، جنہوں نے اس طالب العلم کو بحفاظت سمندر سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ واقعہ آج اتوار صبح پیش آیا۔
اطلاع کے مطابق شموگہ ضلع کے رگھویندرا پیرا میڈیکل کالج کے طلبا آج اتوار کو کالج میں چھٹی ہونے کی بناء پر سیاحت کے لئے مرڈیشور پہنچے تھے، صبح پہنچتے ہی سبھی طلبا سمندر میں اُتر کر موجوں کے ساتھ کھیل رہے تھے کہ اچانک ایک طالب العلم جس کی شناخت گگن (18) کی حیثیت سے کی گئی ہے، سمندری لہروں میں غوطے کھانا شروع کردیا، پھر دیکھتے دیکھتے ہی سمندری موجوں میں ڈوب گیا، سمندر میں ڈوبتا دیکھ کر قریب میں ہی موجود لائف گارڈ کے روہت ہری کانت اور ششی دھر سمیت قریب میں واقع سمندری بوٹوں کے ماہی گیر فوری اس کی مدد کو پہنچ گئے اور آناً فاناً میں اسے سمندر سے باہر نکالا اور بحفاظت کنارے لانے میں کامیاب ہوگئے۔ جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور پیٹ کے اندر پہنچا ہوا پانی باہر نکالا گیا۔
خیال رہے کہ سنیچر سے جاری انٹرنیشنل اسکوبا ڈائیونگ فیسٹول کے لئے مرڈیشور سمندر میں لائف گارڈس کے اہلکار پہلے سے موجود تھے، جس کی وجہ سے طالب العلم کو فوری طور پر بچایا جاسکا۔ اس موقع پر سیاحت کے آفسر روی والیکر بھی موقع پر موجود تھے، جنہوں نے طالب العلم کی خیر خیریت دریافت کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مرڈیشور پولس بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی اور حالات کا جائزہ لیا۔