بھٹکل 5 جولائی (ایس او نیوز) مدینہ منورہ سمیت سعودی عربیہ کے تین شہروں میں ہوئے چار خودکش حملوں میں چارسیکوریٹی اہلکاروں کے شہید ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق چاروں اہلکار مدینہ منورہ میں ہوئے حملے میں شہید ہوئے ہیں، سعودی حکام کی جانب سے خبر دی گئی ہے کہ مدینہ میں ہوئے خودکش حملے میں کسی بھی زائرین کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، دوسری طرف سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف میں مسجد کے باہر اورجدہ میں امریکی سفارت خانے کے قریب بھی حملے ہوئے ہیں اور ان حملوں میں بھی دوسیکوریٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں البتہ یہاں پر ہوئے دہشت گردانہ حملوں میںکوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے باہر پولس پوسٹ پر ایک خودکش بمبار نے اُس وقت خود کو دھماکے سے اُڑادیا جب سیکوریٹی اہلکار روز افطار کرنے ایک جگہ پر جمع تھے۔ بتایا گیا ہے کہ خودکش بمبار نے پہلے سیکوریٹی اہلکاروں سے اس خواہش کا اظہار کیا تھاکہ وہ بھی اُن کے ساتھ روزہ افطار کرنا چاہتا ہے، جیسے ہی وہ قریب پہنچا ، اپنے آپ کو بم سے اُڑادیا جس کے نتیجے میں چار سیکوریٹی اہلکار شہید اور دیگر پانچ شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حملہ پارکنگ لوڈ پر کیا گیا جو مسجد نبوی اور سٹی کورٹ کے درمیان واقع ہے۔ خیال رہے کہ مسجد نبوی میں ہرسال ملینوں لوگ جمع ہوتے ہیں۔
سوشیل میڈیا میں وائرل ہونے والی ایک وڈیو فوٹیج میں ایک جلتی کارکو دکھایا گیا ہے، جس کے قریب ہی دو سیکوریٹی اہلکار شہید ہوئے ہیں، جبکہ دیگر دو زخمی حالت میں کراہ رہے ہیں۔ اس حملے میں حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا ہے۔حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں فوری طور پرسیکورٹی حکام اور امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں اور ضلعی حکومت کی جانب سے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی علاقے کو گھیرےمیں لے لیا۔ مسجد نبوی کے قریب دھماکہ ہوتے ہی افراتفری مچ گئی، مگرسیکوریٹی اہلکاروں نے فوری طور پر مسجد کو بند کردیا اورلوگوں کو اندر جانے اور باہر نکلنے نہیں دیا۔ بتایا گیا ہے کہ جس وقت دھماکہ ہوا، ہزاروں افراد مسجد نبوی میں جمع تھے، مگر پولس نے اتنی مستعدی کے ساتھ حالات کو سنبھا لا کہ کسی بھی قسم کی بھگڈر مچنے نہیں دی ورنہ لوگ ایک دوسرے پراگر گرجاتے توحالات سنگین ہوسکتے تھے۔
سعودی عرب کی سرکاری ٹی وی العربیہ نے رپورٹ دی ہے کہ سعودی سیکورٹی فورسسز نے خودکش حملہ آوروں کو مسجد نبوی میں داخل ہونے سے روک دیا البتہ العربیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس حملہ میں چار سیکوریٹی اہلکار شہید ہوئے ہیں جبکہ حملہ آور بھی مارا گیا ہے۔دیگرمیڈیا کی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے پہلے مدینہ میں ہوئے دھماکوں کی تردید کی تھی کہ یہاں کوئی خودکش حملہ نہیں یوا بلکہ کسی ہوٹل میں سلینڈرپھٹ گیا تھا جبکہ کچھ ہی دیر بعد مدینہ حملوں کی تصدیق کردی گئی۔
عرب نیوز کے مطابق عین افطاری کے موقع پرقطیف میں مسجد کے قریب بھی خودکش حملہ ہوا، رپورٹ کے مطابق یہاں یکے بعد دیگرے دو خودکش حملے ہوئے مگر قطیف میں ہوئے حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔عرب نیوز نے ایک عینی شاہد کے حوالہ سے لکھا ہے کہ فارسی العمران مسجد کے باہر پہلے ایک پارک کی گئی کار پر دھماکہ ہوا، پھر کچھ ہی دیربعد ایک خودکش حملہ ہوا، مگر ان دونوں بم دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
قابل غور بات یہ ہے کہ مدینہ منورہ اور قطیف دونوں شہروں میں ایک ہی وقت پر حملے ہوئے ہیں حالانکہ دونوں شہروں کے درمیان قریب 1200 کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔ رپورٹوں کے مطابق پیر کو29ویں روزے کے عین افطار کے موقع پردونوں شہروں میں دھماکے کئے گئے ہیں۔ البتہ ان حملوں سے کافی گھنٹے قبل یعنی اتوار اور پیر کی درمیانی شب قریب دو بجے جدہ میں بھی خودکش حملہ ہوا ہے ، جس میں دو سیکوریٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
اُدھر غیر ملکی خبررساں ایجنسیوں نے بھی یہی خبر دی ہے کہ قطیف میں مسجد کے قریب 2 خود کش بمباروں نے خود کو مسجد کے قریب دھماکے سے اڑادیا تھا مگر ان دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ دھماکے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسی طرح سعودی عرب کے شہر جدہ میں امریکی سفارت خانے کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ، جبکہ امریکی حکام نے دھماکے میں سفارتی عملے کے محفوظ ہونے کی تصدیق کردی ۔عرب میڈیا کے مطابق کار پر سوار خودکش حملہ آور۔ امریکی سفارت خانے کے قریب مسجد اور اسپتال کی جانب بڑھ رہا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے روکنے پر خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ حملے میں دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ۔ دھما کے کے فوری بعد امریکی حکام نے دھماکے میں سفارتی عملے کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی ، جبکہ قونصل خانے کے عملہ کو بھی دوسری جگہوں پر منتقل کردیا گیا ۔ سعودی حکام کی جانب سے تینوں دھماکوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ رمضان کے مبارک ایام میں ایک کے بعد ایک مسلم ملکوں میں دہشت گردانہ حملوں سےمسلمانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ پہلے بنگلہ دیش کے شہرڈھاکہ میں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا، پھر بغداد میں زبردست دہشت گردانہ حملہ ہوا اور اب سعودی عربیہ کے تین شہروں میں دھماکے ہوئے ہیں۔