بھوپال ، 19؍ نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )کسانوں کو لے کر افسران کی بے حسی کی ایک اور مثال مدھیہ پردیش میں کھجنیر منڈی میں دیکھنے کو ملی۔جہاں ناراض کسانوں کو ایڈیشنل چیف سکریٹری رادھے شیام جلانیا نے کھیتی چھوڑ کر مزدوری کرنے یا پھر سر پنچ کا الیکشن لڑنے کی نصیحت دے ڈالی۔دراصل جلانیا بھاواتر منصوبہ کا جائزہ لینے پہنچے تھے۔وہاں جب ان سے کسانوں نے اپنی پریشانی ظاہر کی تو جلانیا حکومت اور سرکاری منصوبہ کی تعریف کرنے میں لگ گئے۔انہوں نے کہا کہ بھاواتر منصوبہ میں حکومت کسانوں کو اتنا دے رہی ہے اور اگر یہ بھی کم پڑ رہا ہے تو نریگا میں مزدور بن جاؤ یا پنچایت کا الیکشن لڑ کر سرپنچ بن جاؤ، کیونکہ سرپنچی میں آج کل زیادہ کمائی ہو رہی ہے۔