متھرا ، 8؍نومبر (ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا )اترپردیش کے متھرا میں معمولی تنازعہ کو لے کر دو گروہ کے لوگوں کے درمیان ہوئے جھگڑے میں سات افرادزخمی ہوگئے۔پولیس نے اس سلسلے میں آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔اس میں کل سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ پھرہ تھانہ علاقہ کے اول قصبے میں پون شرما کی بولیرو کار منّاکے مکان کی دیوار سے ٹکرا گئی۔اسے لے کر دونوں میں تنازعہ ہوا، لیکن پولیس نے دونوں فریقوں میں صلح کروا دی۔انہوں نے بتایا کہ بولیرو کے گر کر خراب ہونے کی اطلاع پاکر اس کا ڈرائیور اجیت موقع پر پہنچا تو دوسری طرف کچھ لوگوں نے اس کے ساتھ مارپیٹ کی۔اس کے بعد اجیت کے لواحقین بھی موقع پر پہنچ گئے اور دونوں گروہوں کے درمیان مارپیٹ ہو گئی۔سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سوپنل ممگائی نے بتایاکہ جیسے ہی واقعہ کی اطلاع ملی بڑی تعداد میں پولیس فورس بھیج کر صورت حال کو سنبھال لیا گیا۔چونکہ معاملہ دو مختلف فرقوں کے درمیان مارپیٹ کا ہے، لہٰذا احتیاط کے طور پر پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔پورے علاقے میں اب امن قائم ہے اور صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔انہوں نے بتایا کہ مارپیٹ میں زخمی ہوئے اجیت، اوم پرکاش، نریندر اور پون کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ تین دیگر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ممگائی نے کہاکہ ظلم کے الزام میں ابراہیم، اسماعیل، گبر، ببلو، صدام، شانو، چاند اور منا کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔