ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لکھنو میٹرو ریل کا انتظار ختم ؛ اکھیلیش یادو کا خواب آج ہوگا پورا؛ یوگی اور راجناتھ سنگھ دکھائیں گے ہری جھنڈی

لکھنو میٹرو ریل کا انتظار ختم ؛ اکھیلیش یادو کا خواب آج ہوگا پورا؛ یوگی اور راجناتھ سنگھ دکھائیں گے ہری جھنڈی

Tue, 05 Sep 2017 01:05:43    S.O. News Service

لکھنو،4ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اکھیلیش یادو نے اپنی حکومت کے دوران لکھنو میں جس میٹرو سروس کی بنیاد رکھی تھی،اسی میٹرو کا افتتاح، اکھیلش  حکومت کے ختم ہونے کے مرحلے پرہوتے ہوتے رہ گیا تھا، مگر اب ان کا خواب پورا ہورہا ہے اور یوگی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آج بروز منگل ۵ ستمبر کو میٹرو ٹرین کا افتتاح کیا جائے گا۔

کافی انتظار کے بعد اب اتر پردیش کی راجدھانی لکھنو کی میٹرو ریل میں لوگوں کے سفر کرنے کا انتظار ختم ہو رہاہے، اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ آج منگل  کو  یہاں ہری جھنڈی دکھا کر اسے روانہ کریں گے۔ لکھنو میٹرو ریل کارپوریشن کے (ایل ایس آر سی) کے مینیجنگ ڈائرکٹر کمار کیشو نے  بتایا کہ لکھنو میٹرو سروس کے پہلے مرحلے کا افتتاح آج  منگل  کو کیا جائے گا۔  وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ٹرانسپورٹ نگر سے ہری جھنڈی دکھا کر میٹرو ریل کو روانہ کریں گے۔ کل  6 ستمبر سے عام لوگ بھی میٹرو پر سفر کر سکیں گے۔

لکھنو میں پوری میٹرو سروس ہوائی اڈے منشی پلیا تک تقریبا 23 کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرے گی۔انہوں نے آگے بتایا کہ  پہلے مرحلے کا کام مکمل ہو گیا ہے اور 5 ستمبر کو افتتاح کے بعد میٹرو ریل دوڑنا شروع کرے  گی ۔ مسٹر کیشو نے بتایا کہ لکھنو میٹرو ریل زیادہ سے زیادہ  80 کلومیٹر کی رفتارسے دوڑ سکے گی ۔ پہلے مرحلے میں، میٹرو ریل ٹرانسپورٹ نگر سے چارباغ تک چلے گی ۔ پہلے مرحلے میں میٹرو ریل کی اسپیڈ  45 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی ۔ ٹرانسپورٹ نگر سے چارباغ تقریباً ساڑھے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے میں آٹھ اسٹیشن ہیں۔ ٹرین تمام اسٹیشنوں پر رکے گی ۔ یہ فاصلہ 15 سے 20 منٹ میں طے کرے گی۔ ہر اسٹیشن پر ٹرین 30 سے 40 سیکنڈ تک رکے گی ۔ جن ا سٹیشن میں زیادہ بھیڑ ہوگی وہاں 40 سیکنڈ کا دورانیہ ہوگا ، ورنہ یہ ٹرین صرف 30 سیکنڈ تک رکے گی۔ میٹرو سروس  صبح چھ بجے  شروع ہوگی اور رات  10 بجے تک چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں چار کوچ لگائے جائیں گے۔ ہر روز تین لاکھ افراد کے سفر کرنے کا امکان ہے۔ ٹرین دن میں 135 راونڈ چلے گی۔ مسافروں کو تمام اسٹیشنوں پر ہر سات منٹ کے بعد نئی ٹرین ملے گی۔

لکھنو میٹرو ریل کی افتتاحی تقریب میں شامل ہونے کے لئے تمام وزرائے سابق وزیر اعلی اکھیلش یادو سمیت تمام دیگر رہنماوں، کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس موقع پر لکھنو میٹرو ریل پروجیکٹ کے اہم مشیر میٹرومین کے نام سے مشہور ای شری دھرن اس تقریب میں موجود ہوں گے۔


Share: