ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فوج کے خلاف نعرہ بازی کرنے والے ’’غداروں‘‘ پر کارروائی کا مطالبہ؛اے بی وی پی کارکنوں نے شہر میں ٹریفک جام کردیا

فوج کے خلاف نعرہ بازی کرنے والے ’’غداروں‘‘ پر کارروائی کا مطالبہ؛اے بی وی پی کارکنوں نے شہر میں ٹریفک جام کردیا

Thu, 18 Aug 2016 12:00:13    S.O. News Service

بنگلورو17؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)’’ کشمیر میں مظالم کا شکار بکھرے ہوئے خاندانوں‘‘ کے عنوان پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے شہر میں کئے گئے ایک مذاکرہ کے دوران ہندوستانی فوج کے خلاف نعرہ بازی کرنے والوں پر سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے آج سنگھ پریوار سے وابستہ طلبا تنظیم ، اے بی وی پی کے کارکنوں نے شہر کے میسور بینک کے روبرو زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا، اس کی وجہ سے کافی دیر تک میجسٹک علاقہ میں ٹریفک نظام درہم برہم رہا۔ احتجاجیوں نے مطالبہ کیاکہ بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل پر ہندوستان میں پابندی لگائی جائے۔کل بنگلور میں احتجاجیوں پر پولیس کی لاٹھی چارج کے خلاف آج ان کارکنوں نے نہ صرف بنگلور بلکہ ریاست کے دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کئے، اور پولیس پر اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا۔ بنگلور ، میسور، منگلور، داونگیرے ، بلاری ، کاروار ،دھارواڑ، باگلکوٹ، بیدر، یادگیر، ٹمکوراور دیگر مقامات پر اے بی وی پی کارکنوں نے ایمنسٹی کے خلاف کارروائی کی مانگ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ بنگلور میں ہوئے بڑے مظاہرہ میں ان کارکنوں اور پولیس جوانوں کے درمیان بارہا لفظی جھڑپیں ہوئیں، چکوڈی میں ان لوگوں نے انسانی زنجیر بناکر احتجاج کیا۔ان لوگوں نے الزام لگایا کہ ہندوستانی فوج کے خلاف نعرہ بازی کرنے والے غداروں پر کارروائی کرنے میں حکومت ناکام ہے۔ شہر میں میسور بینک سرکل کے علاوہ کے آر سرکل ، چالوکیہ سرکل، ساؤتھ اینڈ سرکل اور دیگر مقامات پر بھی بغیر اطلاع کے احتجاج کرکے اے بی وی پی کارکنوں نے ٹریفک نظام میں خلل پیدا کیا۔ دیونہلی سرکاری کالج کے طلبا نے انسانی زنجیر بناکر ایمنسٹی انٹرنیشنل پر پابندی لگانے کی مانگ کی۔ اس دوران فوری طور پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہفتے کے روز ایمنسٹی انٹرنیشنل کے پروگرام میں فوج کے خلاف نعرہ بازی کرنے والے افراد پر ایف آئی آر درج کیا اور ان کی گرفتاری جلد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں جو ویڈیو طلب کیا تھا ، اس میں فوج کے خلاف نعرہ بازی کا ثبوت واضع طور پر مل گیا ہے۔ اڈیشنل کمشنر آف پولیس چرن ریڈی نے اے بی وی پی طلبا کو اطلاع دی اور بتایا کہ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ افسر کے اس اعلان پر اپنی مسرت کا اعلان کرتے ہوئے اس یونین کے طلبا نے اپنا احتجاج واپس لے لیا۔ 


Share: