نئی دہلی،9اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)دہلی کے لوگ جلد ہی اپنے شہر میں ہونے والے غیر قانونی تعمیراتی کاموں کے خلاف گھر بیٹھے آن لائن شکایت درج کرا سکیں گے۔شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے حال ہی میں اس طرح کی سہولت فراہم کرنے والی ایک ویب سائٹ کے بارے میں دہلی ہائی کورٹ کو آگاہ کرایا۔جسٹس بدردریج احمد اور جسٹست آشوتوش کمار کی بنچ کے سامنے اس پائلٹ پروجیکٹ کا خاکہ پیش کیا گیا۔بنچ نے کہا کہ یہ نظام شمالی ایم سی ڈی کے علاقے میں ہے اور اس کا آپریشنل اس کے حکام کی طرف سے کیا جائے گا۔اس کو دہلی کے دوسرے حصوں میں بھی لاگو کیا جانا چاہئے۔
اس آن لائن نظام پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ غیر قانونی تعمیراتی کاموں کی زیادہ سے زیادہ تصاویر اپ لوڈ کرنے کی بھی سہولت اس میں ہونی چاہئے کیونکہ فی الحال اس ویب سائٹ پر ایک ہی تصویر اپ لوڈ کرنے کی سہولات ہے۔عدالت نے شکایت کے اس آن لائن نظام کے بارے میں آگاہ ہونے کے بعد معاملے پر مزید سماعت کے لئے 16نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔یہ بنچ ان دو مفاد عامہ کی درخواستوں پر سماعت کر رہی تھی جن میں چاندنی چوک علاقے میں غیر قانونی تعمیراتی کاموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔عدالت کی جانب سے دی گئی تجاویز پر عمل کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے کہا کہ یہ سہولت جلد ہی عام لوگوں کے لئے کھول دی جائے گی۔