نئی دہلی، 6؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )محکمہ انکم ٹیکس نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی بیٹی اور راجیہ سبھا ایم پی میسا بھارتی کو ایک ہزار کروڑ روپے کے مبینہ غیر اعلانیہ زمینی سودے اور ٹیکس چوری معاملے کی تحقیقات کے تحت تازہ سمن جاری کیا ہے ۔بھارتی کو آج تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن حکام کا کہنا ہے کہ وہ پیش نہیں ہو پائیں،اب انہیں 12؍جون کو تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔ایسا مانا جاتا ہے کہ راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ بھارتی کے وکیل تفتیشی افسر کے سامنے جانا چاہتے تھے لیکن سمن میں کہا گیا کہ بھارتی کو ذاتی طور پر پیش ہونا ہوگا۔محکمہ نے اسی معاملے میں کل بھارتی کے شوہر شیلیش کمار کو طلب کیا ہے۔محکمہ اس معاملے میں تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے جوڑے سے پوچھ گچھ کرنا چاہتا ہے۔اس معاملہ میں حکام نے گزشتہ ماہ کئی تلاشیاں لی تھیں۔ای ڈی نے 22؍مئی کو مبینہ طور پر بھارتی سے متعلق راجیش کمار اگروال نامی ایک سی اے اور دیگر کو گرفتار کیا تھا۔