بنگلور:15؍اگست(ایس اونیوز؍صدیق آلدوری) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے ریاستی صدر دفتر ملیشورم میں یوم آزادی تقریب کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صدر بی ایس ایڈی یورپا نے کہاکہ کرناٹک کے عوام ایک بارپھر اب تبدیلی چاہتے ہیں ۔وہ کانگریس کی حکومت سے بے زار ہوکر دوبارہ ریاست میں بی جے پی کو اقتدار پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ان حالات میں اب بی جے پی کارکنوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ عوام کی اس خواہش کو پورا کر نے کے لئے محنت وجد وجہد کریں۔اس وقت ریاست میں کانگریس جس طرح کا انتظامیہ چلا رہی ہے وہ اس سے خوش نہیں ہیں۔وہ ایک بار پھر نئی سیاسی تبدیلی چاہتے ہیں۔پورے ملک میں کرناٹک کو ایک ماڈل ریاست بنانے بی جے پی کو دوبارہ اقتدار پر لے آنا ضروری ہے اور ریاست کی ترقی کے لئے محنت کر نی ہے۔ملک کی آزادی کے لئے ہمارے لیڈروں نے جو قربانیاں دی ہیں، اس سے عوام کو آگاہ کرنے کی آج ضرورت ہے۔ آج ہمارا ملک بڑے سے بڑے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی طاقت رکھتاہے۔ آج پوری دنیا ہندوستان کی جانب دیکھ رہی ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم ملک کی آزادی کی جدوجہد کی صحیح تصویر عوام کے سامنے لے آئیں۔ وزیر اعظم مودی نے بھی آج پیغام دیاہے کہ ملک کے عوام ایک بارپھر کھادی کپڑوں کو فوقیت دیں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ وزیراعظم کے اس پیغام پر عمل کریں۔