ریاض،20؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحادی فوج نے یمن کے دارالحکومت صنعاء میں حوثی اور علی صالح ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔ گذشتہ روز اتحادی طیاروں نے صنعاء میں عطان کیمپ، النھدین، التموین، ملٹری اکنامک فاؤنڈیشن کے ڈپو، الصباحہ کیمپ اور دیگر مقامات پر باغیوں کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا۔دارالحکومت کے آس پاس کے علاقوں میں باغیوں کے فوجی مراکز پر سلسلہ وار 13فضائی حملے کیے گئے جن میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تباہ کیا گیا۔ادھر تعز میں گھمسان کی لڑائی کے دوران حکومتی فورسز اور اس کی حامی ملیشیا نے 52باغیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومتی فوج نے شمالی اور مشرقی تغز سے پیش باغیوں کو پسپا کرتے ہوئے پیش قدمی بھی کی ہے۔حکومتی فوج نے شمالی تعز میں تزویراتی اہمیت کے حامل علاقے المکلکل، صالہ محل، صالہ کالونی، تباب الصالحین، صبر الموادم کے مقام پر المشہوذ، الزنوج اور عصیفرہ سے باغیوں کو نکال باہر کیا ہے۔تعز کے شمالی حصے میں تازہ فاتحانہ پیش قدمی سے دو روز قبل حکومتی فورسز نے شہر کے مغربی اور جنوبی محاذوں سے بھی باغیوں کو پچھاڑ دیا تھا۔مشرقی تعز میں حوثی باغیوں اور علی صالح کی حامی فورسز نے کاتیوشا میزائلوں، توپخانے اور ٹینکوں کی مدد سے حکومتی فورسز کے مراکز پر گولہ باری کی ہے۔