کاروار 2/ستمبر (ایس او نیوز)کاروار رنگ مندر میں ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے کی طرف سے 16/اگست کو عام لوگوں کے مسائل جاننے کے لئے ایک اہم میٹنگ منعقد کی تھی۔ اس میں کاجو باغ علاقے کی پرمیلا ساونت نامی ایک بزرگ خاتون نے اپنا دکھڑا سناتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی بیٹی 40سال کی عمر گزرجانے کے باوجود ابھی تک غیر شادی شدہ ہے۔ اور وہ کئی دنوں سے بیمار چل رہی ہے۔ اور و ہ معاشی طور پر بہت ہی تنگدست ہوگئی ہے اس لئے منسوینی اسکیم کے تحت اس کو مالی امداد فراہم کی جائے۔
اس مجبور خاتون کی داستان سننے کے بعد وزیر موصوف نے تحصیلدار کو ہدایت دی کہ دو دن کے اندر اس کے گھر جاکرحالات کا جائزہ لیا جائے۔ اور واقعی وہ مستحق ہے تو پھر اس کومنسوینی اسکیم کے تحت مالی امداد فراہم کردی جائے۔اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے تحصیلدارجی این نائک نے متعلقہ خاتون کے گھر جاکر تحقیق کی اور حالات کا معائنہ کرنے کے بعد اس خاتون کو مستحق پایا۔ اس کے بعد منسوینی اسکیم سے پینشن جاری کرنے کا حکم نامہ اس کے گھر پہنچ کر خاتون کے ہاتھ میں تھما دیا۔ اس طرح اب پرمیلا کی بیٹی پرتبھا ساونت کو ہر مہینہ پانچ سو روپے کی امداد موصول ہوتی رہے گی۔سرکاری اسکیم سے مستحقین تک امداد پہنچانے کے لئے افسران کی خودکسی کے دروازے پرجانے کی ایسی مثال بہت کم ہی ملتی ہے۔