برمنگھم، 22؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ شین وارن کے بعد سب سے بہترین لیگ سپنر ہیں۔30سالہ یاسر شاہ نے لارڈز ٹیسٹ میں مجموعی طورپر 141رنز کے عوض دس کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اور اس میچ میں پاکستان نے 75رنز سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔خیال رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں بین اسٹوکس اور جیمز اینڈرسن شرکت نہیں کر سکے تھے اور جمعے کو اولڈ ٹریفورڈ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں کو سکواڈ میں شامل کیاگیا ہے۔بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ پاکستان بہت اچھی ٹیم ہے لیکن ہم یہ ٹیسٹ یہ جانتے ہوئے کھیلیں گے کہ وہ کیسے بولنگ کرواتے ہیں اور ہمارے پاس اس کا توڑ ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ یاسر شاہ 13ٹیسٹ میچوں میں86وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں 11سال بعد شین وارن کے بعدکسی لیگ سپنر نے اول پوزیشن حاصل کی ہے۔آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے شین وارن سنہ 2007میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے اور انھوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 145میچ کھیل کر 708وکٹیں حاصل کی تھیں۔25سالہ بین اسٹوکس مئی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔گذشتہ دنوں اپنی کاؤنٹی ڈرہم کی طرف سے کھیلتے ہوئے انھوں نے لنکاشائر کے خلاف ایک میچ کی دوسری اننگز میں 19اووز کروائے اور تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔وہ کہتے ہیں کہ میں نیٹس میں بولنگ کرواتا رہا تھا لیکن میچ کے دوران بولنگ کروانے کا کوئی متبادل نہیں ہے۔اس سے میرے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہواہے۔ جب ان سے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایک شکست ہوئی ہے۔ہم اس کو تین میچوں کی سیریز کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہم یہ جیت سکتے ہیں۔