ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شام :دھول اورمٹی سے بھرے ایمبولنس میں بیٹھا بچہ:ویڈیووائرل

شام :دھول اورمٹی سے بھرے ایمبولنس میں بیٹھا بچہ:ویڈیووائرل

Thu, 18 Aug 2016 17:06:54    S.O. News Service

دمشق،18؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام کی اپوزیشن کے سرگرم کارکنوں نے ایک بچے کی انتہائی دردناک ویڈیو جاری کی ہے، جسے شام کے شہر حلب میں بمباری کے بعد ایک عمارت کے ملبے سے نکالا گیا۔اومران داکنیش نامی یہ بچہ ایک ایمبولنس میں نارنجی رنگ کی کرسی پر بیٹھا ہوا ہے۔ یہ مٹی اور دھول سے اٹا ہوا ہے اور اس کی ایک آنکھ کے قریب سے خون بہتا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ تصویر شام کے اس شمالی شہر میں تنازعات اور جنگ کے باعث لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی ایک عکاس کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ اس تصویر کو دنیا بھرمیں سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے۔حلب کے ایک ڈاکٹر اسامہ ابو الایز کے مطابق اس پانچ سالہ بچے کو بدھ کی شام باغیوں کے زیر تسلط علاقہ قطیرجی میں بمباری کے بعد ایم ٹین نامی ہسپتال میں لایا گیا تھا۔ عمران داکنیش کے سر پر زخم تھے اور اسے کچھ دیر میں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔حلب میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں ایک شخص کو اس بچے کو ملبے کے نیچے سے نکالتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ بچہ اپنے خون سے بھرے چہرے پر ہاتھ پھیرتا ہے، پھر ان ہاتھوں کو دیکھتا ہے اور ایمبولنس کی کرسی پر اپنے ہاتھوں کو صاف کر دیتا ہے۔شام کی حزب اختلاف کے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ قطیرجی میں فضائی بمباری میں پانچ بچوں سمیت آٹھ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ کچھ لوگوں کی نظر میں نارنجی رنگ کی کرسی پر بیٹھے عمران کی تصویر ایلان کردی کی یاد دلاتی ہے۔ ایلان کردی کی لاش ترکی کے ایک ساحل سے ملی تھی جس نے دنیا بھر کی توجہ شام میں جاری خانہ جنگی اور مہاجرین کے بحران پر دلا دی تھی۔


Share: