لکھنؤ،9اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے 2017اسمبلی انتخابات کا بگل پھونکتے ہوئے بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے دارالحکومت لکھنؤ آکر دسہرہ منانے کو سیاسی مفاد قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی کو اب مذہب کی سیاست کرنے کے لئے مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔مایاوتی نے یہاں بی ایس پی بانی کانشی رام کی برسی پر منعقد ایک ریلی میں کہا کہ اڑی کے شہید جوانوں کی چتا کی آگ اب ٹھنڈی نہیں ہوئی ہے لیکن وزیر اعظم اپنے سیاسی مفاد کے لئے لکھنؤ میں ہی دسہرہ منانے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ اسی خود غرضی میں وہ (مودی)دیوالی بھی اترپردیش میں آکر منائیں۔18 جوانوں کی شہادت کے اعزاز میں ان کے خاندان والوں کے دکھ کو اپنا سمجھ کر اس بار بی جے پی کے لوگوں کو اپنا دسہرہ اور دیوالی دھوم دھام سے منانے کے بجائے سنجیدگی اور سادگی سے منانا چاہئے تھا۔مایاوتی نے کہا کہ سیاسی مفاد کے سبب ہی بی جے پی اپنے قومی لیڈران، بالخصوص وزیر اعظم مودی کو یہاں لکھنؤ کے دسہرے کے مذہبی میلے میں لے جانے کو مجبور ہوئی تاکہ یہ لیڈر بھیڑ میں اپنی پارٹی اور حکومت کی کچھ باتیں مذہب کی آڑ میں رکھ سکیں۔بی جے پی کو مذہب کی سیاست کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ مودی 11اکتوبر کو لکھنؤ کے تاریخی عیش باغ رام لیلا میدان میں ہونے والے دسہرہ میلے میں شامل ہوں گے،اسے لے کر بی ایس پی سمیت بی جے پی کی مخالف جماعتوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور مودی کی آمد کو اترپردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات سے جوڑا ہے۔مایاوتی نے نہ صرف مودی، بی جے پی اور آر ایس ایس بلکہ ریاست کی حکمراں سماج وادی پارٹی اور کانگریس پر بھی جم کر حملہ بولا۔