پالن پور/ گجرات10 دسمبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اب بی جے پی نت نئے سیاسی حربے ڈھونڈھ رہی ہے۔بنیادی سوالات کاجواب نہ دے کراوروکاس کوبھول کروہ ایسے مسئلے اٹھارہی ہے جس سے ووٹوں کاارتکازہوسکے۔ اسی تناظر میں آج مودی نے آج الزام لگایا کہ پاکستان گجرات اسمبلی انتخابات میں مداخلت کر رہا ہے۔ مودی کے اس بیان سے سیکوریٹی اداروں کے وجودپر ہی سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔ایسے میں یہ سوال بھی اٹھ سکتاہے کہ مودی نے پھرنوازشریف سے اچانک ملاقات کیوں کرلی تھی۔ساتھ ہی پٹھان کوٹ حملے کے بعدوہاں کے معائنہ کاروں کوآنے کی اجازت کیوں دی تھی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کانگریس سے پارٹی کے اعلی رہنماؤں کی ہمسایہ ملک کے رہنماؤں سے ملاقات پر وضاحت بھی طلب کی ہے ۔ پالن پورکی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستانی فوج کے سابق ڈائریکٹر جنرل سردار ارشد رفیق طرف سے مبینہ طور پر کی گئی اپیل کو لے کر سوال قائم کیے ۔رفیق نے کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کو گجرات کا وزیر اعلی بنانے کی مبینہ طور پر اپیل کی تھی۔ جس کا کوئی ثبوت نہیں ہے ۔ مودی نے کہا کہ کانگریس کے معطل سینئر لیڈر منی شنکر ایر نے کانگریس کے اعلی رہنماؤں کے پاکستانی رہنماؤں سے مبینہ ملاقات کے بعد ان کو ’’ نیچ ‘‘ کہا تھا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیا میں منی شنکر ایر کی رہائش گاہ پر ہوئی میٹنگ کے بارے میں کل خبریں تھیں۔ اس میں پاکستان کے ہائی کمشنر، پاکستان کے سابق وزیر خارجہ، بھارت کے سابق نائب صدر اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے حصہ لیا۔' مودی نے کہا کہ منی شنکر ایر کی رہائش گاہ پر تقریبا تین گھنٹے تک ملاقات ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگلے دن منی شنکر ایئر نے کہا کہ مودی’نیچ‘ہے، یہ سنگین معاملہ ہے۔ مودی نے زور دے کر کہا کہ پاکستانی افسر رفیق نے احمد پٹیل کو گجرات کا اگلا وزیر اعلی بنائے جانے کی حمایت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف پاکستانی فوج کے سابق ڈی جی گجرات کے انتخابات میں مداخلت کر رہے ہیں، تو وہیں دوسری طرف پاکستان کے لوگ منی شنکر ایر کی رہائش گاہ پر ملاقات کر رہے ہیں۔ مودی نے مزید کہا کہ اس اجلاس کے بعد گجرات کے عوام، پسماندہ کمیونٹی، غریب لوگوں اور مودی کی توہین کی گئی ۔ مودی نے اپنی تقریر میں کہا کہ کیا آپ نہیں مانتے کہ اس طرح کے واقعات شک پیدا کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ملک کے عوام کو بتانا چاہیے کہ کیا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ مودی ریاست میں منعقدہ اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لیے ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ بناس کاٹھاضلع سمیت شمالی اور وسطی گجرات میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 14 دسمبر کو ہو گی ۔