نئی دہلی،6جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے آج کہا کہ سیبی سحارا دولت لوٹانے کے معاملے کی سماعت کے لیے جلد نئی بنچ کا قیام کیا جائے گا۔چیف جسٹس تیرتھ سنگھ ٹھاکر کی صدارت والی بنچ اس کیس کی ابھی تک سماعت کر رہی تھی لیکن اب جسٹس ٹھاکر ریٹائرڈ ہو گئے ہیں۔چیف جسٹس جگدیش کھیہر، جسٹس این وی رمن اور جسٹس دھننجے وائی چندرچوڈ کی تین رکنی بنچ نے کہا کہ ہم اگلے ہفتے تک نئی بنچ کا قیام کریں گے۔عدالت عظمی نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب سہارا گروپ اور اس کے سربراہ سبرت رائے کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل نے اس معاملے کو اٹھایا۔چیف جسٹس اور جسٹس رنجن گگوئی اور جسٹس اے کے سیکری کی تین رکنی بنچ نے گزشتہ سال 28نومبر کو رائے سے کہا تھا کہ اگر وہ جیل سے باہر رہنا چاہتے ہیں تو انہیں 6 فروری تک 6 سو کروڑ روپے سیبی سہارا رقم واپسی اکاؤنٹ میں جمع کرنے ہوں گے،ساتھ ہی عدالت نے انہیں آگاہ کیا تھا کہ ایسا نہیں ہونے پر انہیں دوبارہ جیل لوٹنا پڑے گا۔بنچ نے شروع میں رائے کو دو ماہ کے اندر اندر مارکیٹ ریگولیٹر کے پاس ایک ہزار کروڑ روپے جمع کرانے کی ہدایت دی تھی لیکن بعد میں اس رقم کو کم کرکے 600کروڑ روپے کر دیا تھا جو 6فروری، 2017تک جمع کرنی تھی۔مارکیٹ ریگولیٹری سیبی نے اس سے پہلے کہا تھا کہ سہارا گروپ کو سود کے ساتھ 37ہزار کروڑ روپے سیبی کو دیناہے۔اس رقم میں اصل رقم 24ہزار کروڑ روپے تھی، سہارا اب تک 24029کروڑ روپے میں سے 10918کروڑ روپے جمع کرا چکا ہے۔سیبی سہارا کے اکاؤنٹ میں کچھ رقم جمع کئے جانے پر عدالت سبرت رائے اور گروپ کے دو ڈائریکٹرز اشوک رائے چودھری اور روی شنکر دوبے کی پیرول کی مدت بڑھاتی رہی ہے۔