بھٹکل ،11؍جون (ایس او نیوز) سونارکیری پرائمری اسکول کی پرانی عمارت میں واقع آنگن واڈی اسکول میں گٹر کا پانی گھس جانے سے وہاں تعلیم پارہے ننھے منے بچوں کو بڑی دقت اور پریشانی سے گزرنا پڑا ہے۔
اس آنگن واڈی اسکول کے بازو سے ہی گٹر کا نالہ گزرتا ہے جس میں کچرا بھر جانے کی وجہ سے گندے پانی کی نکاسی ہو نہیں پارہی ہے۔ گٹر میں جمع شدہ پانی اسکول کی دیوار سے رستا ہوا کلاس روم کے اندر داخل ہوگیا اوروہاں پر بچوں کے لئے رکھا گیا اناج وغیر ہ اس پانی سے بھیگ کر برباد ہوگیا۔
کہا جاتا ہے کہ آنگن واڈی بچوں کی اس پریشانی کا حل نکالنے کے لئے محکمہ بہبودئ اطفال کے افسران نے موقع پر پہنچنے کی زحمت گوارہ نہیں کی، جس پر بچوں کے والدین نے اپنے غصے اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔عوام کامطالبہ ہے کہ اس اسکول میں زیادہ غریب گھرانوں کے بچے تعلیم پارہے ہیں، اس لئے متعلقہ افسران اور مقامی ایم ایل اے اس طرف توجہ دیں اور بچوں کے لئے آنگن واڈی اسکول کی مناسب عمارت کا انتظام کروائیں۔