کاروار 15؍دسمبر (ایس او نیوز) ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی طرف سے جاری ایک اخباری بیان میں ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے ، جو فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے اور تشدد بھڑکانے والے پیغامات سوشیل میڈیا پر پھیلانے میں لگے ہوئے ہیں۔
اخباری بیان کے مطابق 14دسمبر کو ہوناور کے ایک قصبے ماگوڈ میں ہائی اسکول کی طالبہ پر شرپسندوں کی طرف سے ہونے والے حملے کے تعلق سے بدامنی پھیلانے کی نیت کے ساتھ سوشیل میڈیا پر اشتعال انگیز افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ یہاں تک کہ اس حملے کے بعد لڑکی کے ہلاک ہونے تک کی خبر سوشیل میڈیا پر عام کی جارہی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ مذکورہ لڑکی اپنے والدین کے ساتھ بخیر وعافیت اور صحیح سلامت اپنے ہی گھر میں ہے۔ اور پولیس افسران سوشیل میڈیا پر پوری طرح نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اس تعلق سے پھیلائی جارہی افواہوں پر ہرگز دھیان نہ دیں اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھیں۔
ایس پی نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹی خبریں اور اشتعال انگیزی پیغامات وہاٹس ایپ ، فیس بُک اور دیگر ذرائع پر عام کرنے اسے شیئر کرنے والوں کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی۔