ریاض، 22؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے سیکیورٹی حکام نے غیرقانونی طریقے سے بیرون اور اندرون ملک سے حج کے لیے مکہ مکرمہ پہنچنے والے 70ہزار افراد کو واپس کر دیا ہے۔ عازمین حج کو بلا اجازت یا غیرقانونی طور پر مکہ مکرمہ لانے میں ملوث 28ہزار گاڑیوں کے مالکان کو جرمانے کیے گئے یا گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بعض ایسی گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں جو حجاج کرام کے سفر کے لیے نا مناسب ہیں جب کہ مناسب سمجھی جانے والی ان گاڑیوں کے مالکان کو جرمانے کیے گئے جن کے پاس حجاج کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے پرمٹ نہیں تھے۔ جنرل سیکیورٹی ڈائریکٹویٹ کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے غیرقانونی طور پر مشاعر میں پہنچنے والے ستر ہزار غیرقانونی عازمین حج کو واپس کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایام حج کے موقع پر حجاج کرام کی نگرانی، ان کی دیکھ بھال اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے چوکس ہیں۔اس ضمن میں کسی بھی غیرقانونی نقل وحرکت پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ حجاج کرام کی سہولت کے لیے مسجد حرام کے آس پاس کاروں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ بالخصوص حرمین کو ملانے والی شاہراہوں پر ٹریفک رواں رکھنے کے لیے بھی بھرپورانتظامات کیے گئے ہیں۔ ایمرجنسی پولیس اور ایمبولیس سروسز بھی عازمین حج کی سہولیات کے لیے ہمہ وقت مصروف ہیں۔ حج کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔