پٹنہ،18؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)گجرات اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت پر سشیل مودی نے کانگریس صدر راہل گاندھی پر طنز کسا ہے۔بہار کے نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی نے پیر کو گجرات اور ہماچل پردیش میں بی جے پی کی جیت پر کانگریس صدر راہل گاندھی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ’گبر‘کی گجرات میں نوٹ بندی ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گجرات میں 22 سال اقتدار میں رہنے کے بعد دوبارہ الیکشن جیتنا کوئی عام بات نہیں ہے۔مودی نے دونوں ریاستوں پر بی جے پی کی جیت کو لے کر ٹویٹ کیا’گبر‘کی گجرات میں نوٹ بندی ہو گئی ہے۔بتا دیں کہ راہل گاندھی گجرات میں انتخابی مہم کے دوران جی ایس ٹی کو’گبر سنگھ ٹیکس‘ بتاتے ہوئے بی جے پی پر تنقید کرتے رہے ہیں۔مودی نے کہا کہ جو لوگ جی ایس ٹی کو’گبر سنگھ ٹیکس‘کہہ رہے تھے، نوٹ بندی کا مذاق اڑا رہے تھے اور تاجروں کو بھڑکانے کی کوشش کر رہے تھے، انہیں آج ہار کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نتائج گجرات کے لوگوں کی طرف سے جی ایس ٹی اور نوٹ بندی پر مہر لگانے جیسا ہے۔مودی نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گجرات میں کانگریس کا اپنا مینڈیٹ نہیں بچا ہے۔وہاں کے تین نوجوانوں کی پشت پر سوار کانگریس اقتدار میں پہنچنے کی کوشش کر رہی تھی۔وہاں کے ووٹروں نے انہیں سبق سکھادیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ترقی کی جیت ہے اور نسل پرستی کا زہر گھولنے والوں کی شکست ہے۔