کولمبو،17؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سری لنکا نے اسپنر رنگنا ہیراتھ کی خطرناک گیند بازی(64رن دے کر سات وکٹ)کی مدد سے آج یہاں تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 163رنز سے شکست دے کر پہلی بار کسی بڑی ٹیسٹ ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سوپڑا صاف کیا۔میزبان ٹیم نے ٹیسٹ کی نمبر ایک رینکنگ والی ٹیم کو میچ کے آخری دن فتح کے لئے 324رنز کا ہدف دیا جو محض 160رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ہیراتھ نے 64رنز دے کر آسٹریلیا کے سات وکٹ چٹکائے۔ایسا مسلسل تیسری بار ہوا ہے جب آسٹریلیا نے برصغیر کی ٹیموں کے خلاف گھر سے باہر اپنے سارے ٹیسٹ گنوا دئے۔سلامی بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور شان مارش نے صبح میں تیزی سے رن بنا کر ٹیم کو امید کی کرن دکھائی لیکن ان کی شراکت ٹوٹتے ہی مہمان ٹیم کے مسلسل وکٹ گرنے لگے۔آف اسپنر دلرووان پریرا نے پہلی اننگز میں سنچری جڑنے والے مارش کو 23کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیجا۔اس کے بعد ہیراتھ نے آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ اور تجربہ کار بلے باز ایڈم ووگس کو چلتا کر دیا۔وارنر پریرا کے دوسرے شکار بنے، جنہوں نے چھ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 68رنز بنائے۔پہلی اننگز میں 6وکٹ جھٹکنے والے ہیراتھ نے اس بار بھی مہمان بلے بازوں کواپنی گیندوں سے خوب پریشان کیا اور ان کے درمیانے اورنچلے آرڈر کے بلے بازوں کو وکٹ پر نہیں ٹکنے دیا۔ناتھن لیون کے طور پر 10واں وکٹ گرتے ہی سری لنکا کے خیمے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس سے پہلے سری لنکا نے آج صبح آٹھ وکٹ پر 312رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اپنی دوسری اننگز 347رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی۔