ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری کارپوریشن اور بورڈس میں شمالی کینرا کو اب کتنے عہدے ملیں گے؟

سرکاری کارپوریشن اور بورڈس میں شمالی کینرا کو اب کتنے عہدے ملیں گے؟

Fri, 26 Aug 2016 00:35:37    S.O. News Service

 کاروار 25/اگست (ایس او نیوز) سرکاری کارپوریشنوں اور بورڈس کے چیرمین اور صدور کی میعاد کار ختم ہونے کے بعد نئے سر ے سے ان عہدوں کو پُر کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے فہرست کی تیاری کاکام شروع ہوچکا ہے اور ان عہدوں پر جن لوگوں نے نظریں گاڑ رکھی ہیں ان کی دل کی دھڑکنیں تیزہوگئی ہیں۔

اس بار دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ نئی فہرست میں ضلع شمالی کینرا کو کتنے عہدے حاصل ہوتے ہیں۔اندرونی ذرائع سے ملنے والے اشاروں کے مطابق چونکہ کانگریس کو اب کی بار الیکشن کا سامنا کرنا ہے تو ساری کوشش یہی ہوگی کہ ہر مقام پر کانگریس کی جیت کو یقینی بنانے والے اقدامات اور فیصلے کیے جائیں۔

پتہ چلا ہے کہ فی الحال ضلع کے 20ارکان اسمبلی کوایسے عہدوں سے نوازنے کا ارادہ کیا گیا ہے۔اس کے نتیجے میں جتنے بھی بڑے عہدے ہیں وہ سب ارکان اسمبلی کے حصے میں جائیں گے۔ بقیہ عہدوں کو پارٹی کے سینئر کارکنان میں تقسیم کیے جانے کی توقع ہے۔ کانگریس کے ضلعی صدر بھیمنا نائک کا کہنا ہے کہ ضلع میں ان عہدوں کی خواہش رکھنے والے کانگریسی لیڈروں کی بے شمار درخواستیں موصول ہوئی تھیں جنہیں ریاستی کانگریس کے ذمہ داران کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ اس لئے کہا نہیں جاسکتا کہ کس کے حصے میں کونسا عہدہ آئے گا اور کس کادامن خالی رہ جائے گا۔

بنگلوروکے ذرائع سے ملنے والی خبروں کے مطابق ان عہدوں کے لئے فہرست کو قطعی شکل دینے پر غور وخوص چل رہا ہے۔حالانکہ پارٹی کے ذمہ دارن پر عہدہ پانے کے لئے مختلف طریقوں سے دباؤ ہے مگر اصولی طور پرپارٹی کی بے لوث خدمت کرنے والے کارکنان کو ترجیح دیتے ہوئے ان عہدوں کو تقسیم کیا جائے گا۔ ابھی ختم ہونے والی میعاد میں ضلع شمالی کینرا کوتین اہم عہدے ملے تھے۔ جن میں کراولی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے لئے نویدیت الوا، کاجوکارپوریشن کے لئے شمبھو گوڈااور اسپائس بورڈ کے لئے کے ایم مزمل صاحب شامل تھے۔ ان میں سے پارٹی کے لئے بڑھ چڑھ کر کام کرنے والوں کی فہرست میں نویدیت الوا کانام سب سے آگے ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنے محکمہ سے ضلع کو زیادہ سے زیادہ فنڈ فراہم کیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ اسی بنیا د پر ایک بار پھر موقع پانے کی خواہش بھی نویدیت الوا نے ظاہر کی ہے۔ پارٹی حلقوں میں کے ایم مزمل صاحب کے تعلق سے تاثر یہ ہے کہ انہوں نے بھی کچھ مثبت پروگرام کیے ہیں مگر شمبھو گوڈا کی کارکردگی کا ریکارڈ عوام کی نظروں میں صفر ہے۔

بہرحال کچھ ہی دنوں میں یہ بات صاف ہوجائے گی کہ آئندہ الیکشن میں جیت کو سامنے رکھ کر کانگریس شمالی کینرا میں کس فارمولے پر عمل کرتے ہوئے یہاں عہدوں کی تقسیم سے پارٹی کی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کرتی ہے، یا پھر کوئی ایسا اقدام کرتی ہے،جس کا حساب کہیں الیکشن میں چکانا نہ پڑجائے۔
 


Share: