ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے نئے چیرمینوں کا تقرر ،پارٹی اعلیٰ کمان سے سدرامیامنظوری حاصل کریں گے

سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے نئے چیرمینوں کا تقرر ،پارٹی اعلیٰ کمان سے سدرامیامنظوری حاصل کریں گے

Mon, 22 Aug 2016 11:09:31    S.O. News Service

بنگلورو21؍اگست(ایس او نیوز) ریاست کے مختلف سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے چیرمینوں کے تقرر پر وزیر اعلیٰ سدرامیا اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور کے مابین اتفاق کے ساتھ ہی اگلے ایک دو دنوں میں نئے چیرمینوں کی فہرست پر مشتمل سرکاری احکامات جاری کردئے جانے کا امکان ہے۔ کل دیر رات سدرامیا اور ڈاکٹر پرمیشور نے چیرمینوں کی فہرست میں شامل ناموں پر تفصیلی بحث کی اور متفقہ فہرست لے کر کل یہ دونوں دہلی پہنچنے والے ہیں۔ پارٹی اعلیٰ کمان کی منظوری کے فوری بعد یہ فہرست جاری کردی جائے گی۔ 93 سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے چیرمینوں کی فہرست کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ اعلیٰ کمان کی منظوری ملتے ہی فہرست منظر عام پر لائی جائے گی۔ وزارت میں شمولیت سے محروم اراکین اسمبلی کو مطمئن کرنے کی خاطر 20اہم سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کی صدارت اراکین اسمبلی کو دی گئی ہے۔ دیگر سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے پارٹی کارکنوں کو نامزد کیاگیا ہے۔ موجودہ سرکاری بورڈز اور کارپوریشن چیرمینوں کی میعاد 28 اگست کو مکمل ہوجائے گی، اسی وقت نئے چیرمینوں کے تقرر کااعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔ ریاستی کابینہ میں حالیہ ردوبدل کے دوران جن وزراء کو برطرف کیاگیا ان میں سے بھی ایک آدھ کو سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کی چیرمین شپ مل سکتی ہے۔خاص طور پر بتایاجاتاہے کہ سابق وزیر ڈاکٹر قمر الاسلام کو کابینہ درجے کے ساتھ ریاستی اقلیتی کمیشن کی چیرمین شپ مل سکتی ہے۔ معتبر ذرائع نے بتایاکہ وزارت کے اہم دعویداروں کو جنہوں نے کابینہ میں ردوبدل کے مرحلے میں اعتراضات درج کئے تھے وزیر اعلیٰ نے انہیں مطمئن کرنے کیلئے اپنے طور پر اہم سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔


Share: