بنگلورو،13؍جون(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی جنتادل(ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی کی طرف سے گھر گھر کمار انا پروگرام کی شروعات کی گئی ہے۔2018 کے اسمبلی انتخابات میں جنتادل (ایس) کو اقتدار پر لانے کے مقصد سے پارٹی نے یہ مہم شروع کی ہے۔ کل شہر کے سروگنا نگر اسمبلی حلقہ میں پارٹی کے جے ڈی ایس امیدوار ڈاکٹر انور شریف کی قیادت میں کمن ہلی کے کلپا سرکل میں ایک جلسۂ عام اس مناسبت سے منعقد کیاگیا، اس سے خطاب کرتے ہوئے انور شریف نے کہاکہ سروگنا نگر علاقہ گنجان آبادی پر مشتمل ہے، لیکن اس آبادی کیلئے جن ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے انہیں نظر انداز کردیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مکمل توجہ دی جاتی تو ترقی کے اعتبار سے یہ علاقہ نمبر ون ہوتا، مگر افسوس کہ یہاں بجلی کے نظام کو سدھارنے ، اہم سڑکوں بشمول ٹیانری روڈ کی دیکھ بھال وغیرہ پر مقامی رکن اسمبلی اور وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ پینے کے پانی کا نامعقول انتظام علاقہ کے اہم مسائل میں سے ایک ہے۔ حلقہ میں آنے والے ٹیانری روڈ اور آس پاس کے علاقوں میں گندگی اور آلودگی کے علاوہ جان لیوا کھڈے ، یہاں سے گزرنے والوں کی جان جوکھم میں ڈال دیتے ہیں۔ وزیر ترقیات بنگلور ہونے کے باوجود جارج اپنے حلقہ کی طرف توجہ دینے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ حالانکہ آج کے اس پروگرام کیلئے کمار سوامی ، دیوے گوڈا اور دیگر کو مدعو کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن ان کی مصروفیات کے سبب وہ نہیں آسکے۔انور شریف نے کہاکہ ریاست کی ترقی کیلئے کمار سوامی کا وزیر اعلیٰ بننا بہت ضروری ہے۔ا نہوں نے بتایا کہ حلقہ میں انہوں نے اپنا پارٹی دفتر ایچ بی آر کے روبرو بی ڈی اے کامپلکس کے قریب قائم کیا ہے۔ آج اس دفتر سے پارٹی کارکنوں کی ریلی نکالی گئی۔ ڈوڈ بانسواڈی کے آنجنیا مندر کے پاس سے کمن ہلی ، آر ایس پالیہ، ماروتی سیوا نگر اور آس پاس کے علاقوں کے مختلف سڑکوں پر جگہ جگہ ریلی نے رک کر لوگوں کے مسائل سنے۔ اس موقع پر یہاں کے جے ڈی ایس وارڈ ممبران اور دیگر لیڈران موجود تھے۔