ہبلی27/ستمبر (ایس او نیوز) ہبلی، سرسی اور بنگلور سمیت کئی علاقوں میں کل شام سے آج شام تک جاری زوردار بارش سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ بارش کے نتیجے میں ہبلی، سرسی اور بنگلور کے آر پورم کے کئی نشیبی علاقوں میں دکانوں، مکانوں اور دفاتر میں پانی جمع ہوجانے سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔
سرسی سے موصولہ اطلاع کے مطابق وہاں بارش کے ساتھ کڑاکے دار بجلی گرنے اور بادلوں کی گرج سے لوگوں میں کچھ دیر کے لئے خوف کا ماحول چھا گیا، جبکہ راستوں پر بھی پانی بھرجانے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔ سرسی میں کئی علاقوں میں چھوٹے مکانات گرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ، جبکہ کئی علاقوں میں کمپائونڈ کی دیواریں گرنے سے بھی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ قریبی علاقوں منڈگوڈ اور ہلیال میں بھی بھاری بارش ہونے کی اطلاعا ت ملی ہیں۔
بنگلور کے آر پورم میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں ایک مکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی، جبکہ ایک مکان میں پانی گھس جانے سے بجلی کا شاک لگنے سے ایک خاتون نے بھی دم توڑ دیا۔ اس طرح بنگلور میں دو لوگوں کی موت ریکارڈ کی گئی ہے۔
اُدھر ہبلی میں آج بدھ شام تک زوردار بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس سے عوام کا گھروں سے باہر نکلنا دوبھر ہوگیا ہے۔ کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے، جبکہ کئی دفاتر اور دکانوں میں پانی گھس جانے سے لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ہبلی دھارواڑ میں بی آر ٹی سی کا کام جاری ہونے کی بنا پر ڈرینج کا پانی جب کچھ دکانوں میں داخل ہونے لگا تو دکانداروں میں سخت ناراضگی پھیل گئی اور عوام احتجاج پر اُتر آئے اور راستہ کو بلاک کرتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کی۔
بھٹکل اور ساحلی علاقوں میں دوپہر سے آسمان آبرآلود ہے البتہ کچھ جگہوں پر ہلکی ہلکی بارش ہونے کی بھی خبر ہے۔