بنگلورو،13؍ جنوری(ایس اونیوز؍عبدالحلیم منصور) وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے بی جے پی اور آر ایس ایس کو دہشت گرد قرار دئے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج شہر میں بی جے پی کارکنوں نے جیل بھرو تحریک چلائی۔ شہر کے میسور بینک سرکل پر بی جے پی کی رکن پارلیمان شوبھا کارند لاجے کی قیادت میں چلنے والی ریاست گیر تحریک کے دوران ہزاروں بی جے پی کارکنوں کو گرفتار کرکے رہا کردیاگیا۔ شہر کے میسور بینک سرکل پر شوبھا کی قیادت میں بی جے پی کارکنوں نے جمع ہوکر احتجاجی مظاہرے کئے۔ احتجاجیوں سے مخاطب ہوکر شوبھا نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا اور کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے جو بیان دیا ہے وہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ سدرامیا ووٹ بینک کی سیاست کیلئے آر ایس ایس اور بی جے پی کو بدنام کررہے ہیں۔ سدرامیا کے اس بیان کی مخالفت کرتے ہوئے ہی آج بی جے پی کارندے ریاست بھر میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔ احتجاجیوں سے مخاطب ہوکر شوبھا نے کہا کہ مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے سدرامیا آر ایس ایس اور بی جے پی کو فرقہ پرست قرار دے رہے ہیں۔ جب سے ریاست میں کانگریس حکومت اقتدار پر آئی ہے ہندو کارندوں پر ظلم بڑھتا جارہا ہے۔ اب تک 28لوگوں کی جانیں اس طرح کے حادثات میں ضائع ہوچکی ہیں۔ کرناٹک اور کیرلا میں جس طرح ہندو کارکنوں کا قتل روز مرہ کا معمول ہوچکا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کی جانچ این آئی اے کے ذریعہ کرائی جائے۔ یہ الزام لگاتے ہوئے ملک میں دہشت گردی کو بڑھاوا دینے میں کانگریس کا بہت بڑا ہاتھ ہے ۔ شوبھا نے کہاکہ بی جے پی نے پہلے سے بھی زیادہ شدت کے ساتھ حکومت کے اقدامات کی مخالفت کر ے گی۔