بنگلورو،29/دسمبر(ایس او نیوز)اے جی سداشیو کمیشن کی غیر سائنٹفک رپورٹ کو منسوخ کرنے کے مطالبہ کو لے کر آج دلت رکھشنا ویدیکے کی زیر قیادت درج فہرست طبقات نے احتجاجی ریالی نکالی ۔احتجاج میں درج فہرست طبقات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں دلتوں نے شہر کے سٹی ریلوے اسٹیشن تا فریڈم پارک تک نکالی گئی احتجاجی ریلی میں حصہ لیا۔فریڈم پارک میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دلت رکھشنا ویدیکے کے ریاستی صدر رام کرشنپا نے کہا کہ سدا شیو کمیشن کی رپورٹ پوری طرح غیر سائنٹفک ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس رپورٹ میں صرف ایک ہی طبقہ کیلئے سہولت کی سفارش کی گئی ہے ۔ جس سے مذکورہ طبقات کے افراد کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے۔اس لئے حکومت کو کسی بھی صورت میں اس رپورٹ پر عمل نہیں کرنا چاہئے ۔مسٹر رام کرشنپا نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت نے اس رپورٹ پر عمل کرنے کی کوشش کی تو عدالت عظمیٰ نے وہاں کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا تھا ۔ اس لئے یہاں ریاستی حکومت اس غیر سائنٹفک رپورٹ پر ہرگز عمل نہ کرے ۔انہوں نے مانگ کی کہ اس رپورٹ پر عوامی بحث کی اشد ضرورت ہے۔ اس کا اعلان کرنے تک ویدیکے اپنا احتجاج جاری رکھے گا۔جسٹس سداشیو کمیشن رپورٹ پرعمل نہ کرنے کی مانگ کو لے کر نکالی گئی احتجاجی ریالی میں شمالی کنڑا علاقے کے مختلف اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ اس ریالی کی وجہ سے میجسٹک کے اطراف و اکناف کی سڑکوں پر ٹریفک کا ازدھام ، آنند راؤ سرکل ، فلائی اوور ریس کورس روڈ پر بسیں کاریں ، دو اور تین پہیہ والی گاڑیاں کافی دیر تک رینگتی رہیں۔ دفاتر کو پہنچنے والے افسران اورملازمین کو بروقت اپنے دفاتر پہنچنے میں کافی رکاوٹیں پیش آئیں۔ احتجاجی ریالی کی وجہ سے راجہ جی نگر ،ماگڑی روڈ ،ہیبال ،یلہنکا دوڈا بالاپور، ٹمکور، گروگنٹے پالیہ ، یشونت پور ، وجئے نگر ،جئے نگر ،کورمنگلا ،مڑیوال ،جے پی نگر بنشنکری ، کے آر مارکیٹ کی جانب سے میجسٹک علاقے کو اوریہاں سے دیگرعلاقوں کو پہنچنے میں دقت ہوئی ۔ تقریباً ایک گھنٹہ تک سڑک پر احتجاج کررہے مظاہرین کو پولیس نے سمجھانے کی کوشش کی ۔ لیکن ان کی کسی نے نہ سنی ۔ کافی دیر تک ٹریفک جام رہا۔