ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ساڑھے تین ہزار اضافی امریکی فوجی افغانستان جائیں گے

ساڑھے تین ہزار اضافی امریکی فوجی افغانستان جائیں گے

Thu, 07 Sep 2017 20:53:44    S.O. News Service

واشنگٹن،7؍ستمبر(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکی سفارتی ذرائع کے مطابق واشنگٹن حکومت افغانستان میں تقریبا ساڑھے تین ہزار اضافی فوجی روانہ کرے گی، جو مقامی فوجیوں کو تعاون فراہم کریں گے۔ دوسری طرف طالبان ان غیر ملکی فوجیوں کے انخلاء کا مطالبہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ افغانستان میں تقریبا ساڑھے تین ہزار اضافی امریکی فوجی تعینات کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی کے تحت پہلے سے ہی اندازے لگائے جا رہے تھے کہ امریکا افغانستان میں کم و بیش اتنے ہی اضافی فوجی روانہ کرے گا۔ کچھ امریکی اہلکاروں نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر یہ معلومات مہیا کی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اور چیئرمین آف دی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میرین جنرل جوزف ڈنفورڈ نے بدھ کے دن کانگریس کے ممبران کے ساتھ بند کمرے میں ملاقات کی، جس میں ٹرمپ انتظامیہ کی جنوبی ایشیا کے لیے نئی پالیسی پر گفتگو کی گئی۔اس ملاقات کے بعد امریکی محکمہ دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب تک وزیر دفاع افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کے بارے میں کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کرتے، تب تک یہ معلومات فراہم نہیں کی جائیں گی کہ امریکا افغانستان میں کتنے اضافی فوجی تعینات کرے گا۔ تاہم سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ افغانستان میں تقریبا ساڑھے تین ہزار اضافی فوجی روانہ کیے جائیں گے۔اگر ان خبروں کی تصدیق ہو جاتی ہے تو افغانستان میں امریکی فوجیوں کی مجموعی معلوم تعداد چودہ ہزار پانچ سو ہو جائے گی۔ حالیہ عرصے میں افغان طالبان کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی خاطر مقامی سکیورٹی فورسز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گزشتہ ہفتے ہی جیمز میٹس نے کہا تھا کہ افغانستان میں اضافی امریکی فوجی روانہ کرنے کے حوالے سے انہوں نے ایک حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں تاہم ان فوجیوں کی تعداد نہیں بتائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ کانگریس سے مشاورت کے بعد ہی درست اعدادوشمار جاری کیے جائیں گے۔ ایسے خبریں بھی موصول ہوئی ہیں کہ امریکی صدر نے اپنے وزیر دفاع کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ چار ہزار اضافی فوجی افغانستان روانہ کر سکتے ہیں۔

دوسری طرف افغان طالبان متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بغیر اس شورش زدہ ملک میں امن ممکن نہیں ہے۔ افغانستان کی طویل جنگ کے نتیجے میں اب تک تیئس سو سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مختلف پرتشدد واقعات میں زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد سترہ ہزار سے زیادہ بنتی ہے۔


Share: