رانچی ، 20/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ہفتہ کو لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں ’سنویدھان سمّان سمیلن‘ کے دوران خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر عزم ظاہر کیا کہ ریزرویشن پر 50 فیصد کی حد ہٹانے سے کوئی طاقت انہیں روک نہیں سکتی۔ راہل گاندھی نے اپنی تقریر میں بی جے پی اور مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی، کہ وہ الیکشن کمیشن، سی بی آئی، ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس، اور بیوروکریٹس کو کنٹرول کر رہی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے وزیر اعظم مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ ذات پر مبنی مردم شماری کے خلاف ہیں، حالانکہ اس سے سماج کا ایکسرے ہوگا اور لوگوں کو ان کے حقوق حاصل ہونے کے راستے ہموار ہوں گے۔
لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ آج آئین پر حملہ ہو رہا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم آئین کا احترام کرنے کے ساتھ ساتھ آئین کی حفاظت بھی کریں۔ انھوں نے سوال کیا کہ آئین کی حفاظت کون سے ادارے کرتے ہیں؟ میڈیا کرتی ہے؟ میڈیا ایسا نہیں کرتی۔ الیکشن کمیشن اس کی حفاظت کرتا ہے؟ نہیں، الیکشن کمیشن بھی آئین کی حفاظت نہیں کرتا۔ بیوروکریسی، سی بی آئی، ای ڈی اور محکمہ انکم ٹیکس آئین کی حفاظت کرتے ہیں؟ نہیں، کیونکہ ان سبھی اداروں کو بی جے پی نے کنٹرول کر لیا ہے۔
راہل گاندھی اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’’سچائی یہ ہے کہ دولت بی جے پی کے پاس، ادارے، میڈیا، سی بی آئی، ای ڈی، آئی ٹی سب کچھ ان کے پاس ہے۔ اب آپ پوچھیں گے کہ جب سب کچھ ان کے پاس ہے تو ہمارے پاس کیا ہے۔ ہمارے پاس سچائی ہے۔ ہمیں اور کچھ نہیں چاہئے، کیونکہ جب تک ہمارے پاس سچ ہوگا، ہمیں انصاف ملے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ذات پر مبنی مردم شماری سماجی ایکسرے کا ایک ذریعہ ہے، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’میڈیا اور عدالت کے تعاون کے بغیر بھی ذات پر مبنی مردم شماری، ادارہ جاتی سروے، اور ریزرویشن پر 50 فیصد کی حد کو ہٹانے سے ہمیں کوئی طاقت نہیں روک سکتی ہے۔‘‘
راہل گاندھی پوچھتے ہیں کہ جب بی جے پی کے لوگ ’آدیواسی‘ کو ’ون واسی‘ (جنگلی) کہتے ہیں، تو وہ کیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟ آپ کا جو جینے کا طریقہ ہے، تاریخ ہے، سائنس ہے، جسے آپ ہزاروں سالوں سے چلا زندہ رکھے ہوئے ہیں، اس کو وہ لوگ ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ’آدیواسی‘ کا معنیٰ ہے سب سے پہلا مالک، جبکہ ’وَن واسی‘ کا مطلب جو جنگل میں رہتے ہیں۔ میں ہندوستان کے تعلیمی نظام میں پڑھا ہوں۔ ہمارے تعلیمی نظام میں آدیواسیوں کے بارے میں صرف 15 لائنیں ہی ملیں گی۔
راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’مودی جی کہتے ہیں دلتوں کی عزت کروں گا، آدیواسیوں کی عزت کروں گا، اور پھر آپ کے ہاتھ سے آپ کی طاقت چھین لیتے ہیں۔ نریندر مودی آپ کو عزت دیتے ہیں اور طاقت چھین لیتے ہیں۔ عزت آپ کو دیتے ہیں اور ہندوستان کے اداروں سے باہر نکال دیتے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم نے انتخابات میں صرف آئین دکھانا شروع کیا، ہم نے کہا کہ ہم آئین کی حفاظت کریں گے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وزیر اعظم لوک سبھا انتخاب کے بعد آئین کے سامنے جھکنے کو مجبور ہو گئے۔‘‘