ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی انسانی حقوق کمیشن کیلئے نئے چیرمین کا انتخاب

ریاستی انسانی حقوق کمیشن کیلئے نئے چیرمین کا انتخاب

Thu, 04 Jan 2018 11:47:51    S.O. News Service

بنگلورو،3؍جنوری(ایس او نیوز) ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے چیرمین کی ذمہ داری سنبھالنے کے لئے کرناٹک، اڈیشہ اور بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے وظیفہ یاب جسٹس ڈی ایچ واگھیلا کا انتخاب کیاگیاہے۔ وزیراعلیٰ سدارامیا نے ایک اجلاس میں جس میں اسمبلی کے اسپیکر کے بی کولی واڈ، کونسل کے چیرمین ڈی ایچ شنکرامورتی، حزب اختلاف لیڈر جگدیش شٹر اور وزیر داخلہ شریک تھے۔ کمیشن کے نئے چیرمین کی انتخاب کا اعلان کیا۔ کمیشن کے لئے چیرمین وزیراعلیٰ کی زیر قیادت کمیٹی کی شفارش پر ریاستی گورنر چیرمین مقرر کرتے ہیں۔ ریاستی حقوق کمیشن کا قیام2005ء میں عمل میں آیا تھا۔ 2007ء میں وظیفہ یاب جسٹس ایس آر نائک کمیشن کے پہلے چیرمین مقرر ہوئے تھے۔ پانچ سالہ خدمات کے بعد 2012ء میں وہ اس عہدہ سے سبکدوش ہوئے تھے۔ ان کی سبکدوشی کے بعد کمیشن کے لئے آج تک کوئی کل وقتی چیرمین مقرر نہیں کیاگیاتھا۔ کچھ عرصہ پہلے ریاستی حکومت نے اس عہدہ کے لئے دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مرگیشن کا انتخاب کیا تھا۔ لیکن کنڑا انجمنوں نے ایک غیرکنڑا داں کو ریاستی کمیشن کا چیرمین بنائے جانے کے خلاف احتجاج کیاتھا۔ اس احتجاج کی وجہ سے جسٹس مرگیش عہدہ سنبھالنے سے انکار کردیاتھا۔ یہ عہدہ گزشتہ 65؍ماہ سے خالی پڑاہوا ہے۔ دسمبر 2013ء میں کرناٹک ہائی کورٹ نے چیرمین کی تقرر میں تیزی لانے کی ہدایت دی تھی۔ 2014ء میں ایک آئی اے ایس افسر میرا سکسینہ قائم مقام (ایکٹنگ) چیرپرسن مقرر کی گئیں۔ ان کی میعاد نومبر2017ء میں ختم ہوگئی۔ ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے نومنتخب چیرمین جسٹس 3؍ ریاستوں کے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔ مارچ 2013ء میں کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے تھے اور اپنی میعاد کے دوران انہوں نے عوامی مسائل سے جڑے کئی اہم فیصلے کئے تھے۔ ریاست میں بچوں کی تعلیم کے تعلق سے اہم فیصلہ صادر کیا تھا۔ اپنے فیصلہ میں انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا تھا کہ حکام ریاست میں دور دراز علاقوں کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدام کریں۔ انسانی حقوق تحریک سے جڑی کئی انجمنوں اور کارکنوں نے انسانی حقوق کمیشن کے لئے نئے چیرمین کے انتخاب کا خیرمقدم کیاہے۔ ہیومن رائٹس، ایجوکیشن اینڈ مانیٹرنگ کے جنوبی ہند سیل کے ڈائرکٹر میاتھیوفلپ نے کہاکہ ریاستی حکومت نے کمیشن کے چیرمین کے عہدہ کے لئے ہائی کورٹ کے ایک چیف جسٹس کا انتخاب کیاہے۔ یہ بڑی اچھی بات ہے۔ انہوں نے امید جتائی کہ ریاستی کمیشن میں اب حالات بدلیں گے اور لوگوں کو انصاف ملے گا۔ انسانی حقوق کے ایک اور کارکن نرسمہا مورتی نے کہاکہ حالانکہ ریاستی حکومت کو ایک کنڑا داں چیرمین کی تلاش تھی۔ مگر نئے چیرمین کنڑا سے نابلد ہیں۔ لیکن انہوں نے کہاکہ انکار انتخاب قانون کے تحت ہی کیا گیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ کمیشن کے دونوں ارکان بھی سبکدوش ہوچکے ہیں۔ جس کی وجہ سے کمیشن میں کام کاج بند پڑاہے۔ کوئی شکایت وصول نہیں کی جارہی ہے۔ حکومت فوری طورپر ان خالی عہدوں کو بھرتی کرے تاکہ انسانی حقوق دوبارہ متحرک ہوسکے۔


Share: