ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت یقینی،آر اشوک پریورتن یاترا کے دوران عوام پارٹی سے قریب ہورہے ہیں

ریاستی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت یقینی،آر اشوک پریورتن یاترا کے دوران عوام پارٹی سے قریب ہورہے ہیں

Mon, 18 Dec 2017 10:38:57    S.O. News Service

بنگلورو،17/دسمبر (ایس او نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی و سابق نائب وزیراعلیٰ آر اشوک نے کہا کہ اگلے سال ہونے والے ریاستی انتخابات میں بی جے پی کا برسراقتدار آنا یقینی ہے اور بی ایس ایڈی یورپا دوبارہ ریاستی وزیراعلیٰ کے عہدہ پر قابض ہوں گے ۔پدمانابھ نگر اسمبلی حلقہ کے یڈیور تالاب سے قریب زمین بوس ہوئی 24فیٹ لمبی دیوار کے تعمیری کاموں کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد بی جے پی رکن اسمبلی آر اشوک نے کہا کہ ایڈی یورپاکی زیر قیادت نکالی جارہی پریورتن یاترا کو ریاست بھر میں بھرپور تائید ملنے لگی ہے ۔ گزشتہ ہفتہ شہر کے بنگلور ساؤتھ اسمبلی حلقہ میں جب پریورتن ریلی پہنچی تو کثیر تعداد میں لوگ دکھائی دے رہے تھے۔اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام بی جے پی کے قریب ہورہے ہیں۔آر اشوک نے بتایا کہ کل شہر کے اولڈ ایرپورٹ روڈ پر موجود سر ایم ویشویشوریا اسٹیڈیم میں منعقد پریورتن یاترا میں بھی بڑی تعداد میں کارکنان کے جمع ہونے کی توقع ہے۔وزیراعلیٰ سدارامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت کونشانہ بناتے ہوئے سابق نائب وزیراعلیٰ آراشوک نے کہا کہ ریاستی کانگریس حکومت رشوت خور اور بدعنوان ہوچکی ہے ۔سدارامیا کو واپس گھر پہنچانے کے لئے اگلے ریاستی اسمبلی انتخابات میں ریاستی عوام بی جے پی کو آشیرواد دینے کافیصلہ کرچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی بھاری اکثریت سے اپنی جیت درج کرنے والی ہے ۔ یہی نتائج ریاستی اسمبلی انتخابات میں بھی دہرائے جائیں گے اور ایڈی یورپا دوبارہ ریاست کے وزیراعلیٰ ضرور بنیں گے ۔آر اشوک نے کہا کہ چند دن قبل شہر میں ہوئی موسلادھار بارش کی وجہ سے یڈیور تالاب کے سامنے 1971 میں تعمیر شدہ 500میٹر لمبی دیوار زمیں بوس ہوچکی تھی جس کی وجہ سے 4کاروں کونقصان پہنچا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دیوار کی ازسرنو تعمیر کرنے کا فیصلہ لے کر اس دیوار کو 3.50کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیری کام شروع کئے گئے ہیں ۔ انہو ں نے بتایا کہ مقررہ وقت سے قبل اس کے تعمیری کام مکمل کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تعمیری کاموں میں معیار کو اولین ترجیح دی گئی ہے ۔ اس میں کسی بھی طرح کی کوئی بدعنوانی کو وہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔تقریب میں سابق کارپوریٹر و پارٹی ترجمان این آر رمیش ، کارپوریٹر پورنما رمیش کے علاوہ دیگر لیڈر اور افسر موجود تھے۔


Share: