نئی دہلی ،13؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)قانون اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان واقع رام سیتوکوہندوستان کی بیش قیمتی ثقافتی وراثت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں کسی کو بھی دخل اندازی کی اجازت نہیں ملنی چاہئے اور اس پل کی پاکیزگی پامال نہیں ہونا چاہیے۔مسٹر روی شنکر پرساد نے ایک امریکی ٹیلی ویڑن شو میں رام سیتو کو انسانی تعمیر بتائے جانے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے یہ بات کہی۔گزشتہ روز اس شو میں سائنسدانوں اور ماہرین آثار قدیمہ کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ ہندوستان اور سری لنکا کو سمندر کے اندر سے جوڑنے والا پل قدرتی طور پر نہیں بنا ہے بلکہ یہ انسان تعمیرہے۔