تہران،18؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ایران کے ایک اعلیٰ قانون ساز نے تصدیق کی ہے کہ روس شام میں حملوں کے لیے ایک ایرانی فوجی اڈا استعمال کر رہا ہے۔ اس سے قبل ماسکو کی جانب سے بتایا گیا کہ اس کے طیاروں نے شام میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے ایرانی فوجی اڈے کا دوبارہ استعمال کیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے اِرنا کے مطابق روس کو فوجی اڈے کے استعمال کی اجازت ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی جانب سے دی گئی، جس کی بنیاد روس، ایران اور عراق کے درمیان طے کردہ ایک معاہدہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ روسی طیارے شام میں شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ پر حملوں کے لیے ہمدان صوبے کا فوجی اڈہ استعمال کر رہے ہیں، کیوں کہ شمالی شام میں حملوں کے لیے یہ فوجی اڈہ شام میں روس کے زیراستعمال لاذقیہ کے فوجی اڈے سے زیادہ قریب ہے۔