ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رشوت دینے کی ویڈیو بنانے والی خاتون پر جرمانہ

رشوت دینے کی ویڈیو بنانے والی خاتون پر جرمانہ

Sat, 20 Aug 2016 12:56:15    S.O. News Service

ڈاکار ،19اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سینی گال میں ایک عدالت نے ایک خاتون کو ایک پولیس اہلکار کو رشوت دینے کے جرم میں 250ڈالر جرمانے کی سزا سنائی۔اس خاتون نے رشوت طلب کیے جانے کی ویڈیو بھی بنائی تھی۔عدالتی حکم کے مطابق اگر وہ خاتون دوبارہ ایسے کسی عمل کی مرتکب پائی گئیں تو انھیں ایک ماہ قید کی سزا ہوسکتی ہے۔اس خاتون نے یہ ویڈیو خفیہ طریقے سے بنائی تھی اور اسے سوشل میڈیا پر جاری کیا تھا۔ ویڈیو میں پولیس اہلکار جرمانے کا پرچہ کاٹتا ہے لیکن پانچ ڈالر رشوت لینے کے بعد وہ کاغذ کھا جاتا ہے۔اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد پولیس اہلکار پر مقدمہ قائم کیا گیا تھا حالانکہ سینیگال میں ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔پولیس اہلکار پر بھی 250ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور اس قسم کے عمل کے دوبارہ مرتکب ہونے پر دو ماہ قید سنائی گئی ہے۔گذشتہ ماہ سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں سوکھنا بوسو گائے نامی خاتون اپنی دوست کے ہمراہ گاڑی ہر جارہی تھیں جب اسان ڈیالو نامی پولیس اہلکار نے انھیں روکا تھا۔

ویڈیو میں انھیں مقامی ولوف زبان میں کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ وہ انھیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر دس ڈالر جرمانہ کریں گے، جو انھیں پولیس سٹیشن میں ادا کرنا ہوگا۔تاہم وہ پانچ ڈالر لیتے ہوئے وہ ٹکٹ کھا جاتے ہیں جسے وہ بھر رہے تھے۔گاڑی میں موجود دوسری خاتون کو بھی بدھ کو گرفتار کیا تھا اور انھیں پر بدعنوانی کے الزام میں مقدمے کا سامنا ہے۔ڈاکار میں بی بی سی نامہ نگار نیدیج سینرنزی کا کہنا ہے کہ سخت سزاؤں سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی معمولی خلاف وزی پر لوگوں کا رشوت دینا یہاں عام سی بات ہے۔نامہ نگار کا کہنا ہے کہ تاہم اب بدعنوانی کو منظرعام پر لانے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے۔نامہ نگار کے مطابق گذشتہ سال ایک پیدل چلنے والے پل پر ایک ٹیکسی ڈرائیور کی فلم سامنے آنے پر اسے 45دن قید کی سزا سنائی گئی تھی۔


Share: