نئی دہلی،20؍نومبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس نائب صدر راہل گاندھی اب کچھ ہی دن میں 4دسمبر کو سرکاری طور پر پارٹی کے سربراہ بن جائیں گے۔پیر کو پارٹی کی موجودہ صدر سونیا گاندھی کی رہائش 10 جن پتھ پر ہوئی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کانگریس صدر کے عہدے کے لئے ہونے والے انتخابات کے پروگرام کا اعلان کر دیاگیا۔کانگریس لیڈر ماکن نے کہاکہ راہل کو صدر بنائے جانے کو لے کر کوئی ہچکچاہٹ نہیں۔انتخابات کی نوٹیفکیشن 1دسمبر کو جاری ہو گی اور کاغذات نامزدگی بھرنے کی آخری تاریخ 4 دسمبر (دوپہر 3 بجے تک)طے کی گئی ہے۔کاغذات کی فہرست بھی اسی دن دوپہر 3:30بجے جاری کر دی جائے گی۔کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 11دسمبر (دوپہر 3:30 بجے تک)ہے، اور الیکشن لڑنے جا رہے امیدواروں کی آخری فہرست اسی دن 4 بجے جاری کی جائے گی۔اگر ایک سے زیادہ نامزدگی داخل ہوتی ہے اور انتخابات کی نوبت آتی ہے تو ووٹنگ 16 دسمبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 19 دسمبر کو کروائی جائے گی۔لیکن چونکہ مانا جا رہا ہے کہ راہل گاندھی کے خلاف کوئی بھی لیڈر کاغذات نامزدگی داخل نہیں کرے گااس لیے4 دسمبر کو ہی ان کا بلامقابلہ منتخب کیا جانا طے ہے۔ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں اپنے افتتاحی خطاب میں کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر کئی مسائل پر حملہ بولا۔ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی نائب صدر راہل گاندھی نے گجرات میں ترقی کے فقدان کی بات کی اور وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی سربراہ امت شاہ کی جوڑی پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔اجلاس میں پارٹی کے زیادہ تر اراکین گجرات انتخابات کو لے کر بحث کی اور خدشہ ظاہر کی کہ مودی شاہ کی جوڑی الیکشن جیتنے کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔کانگریس ارکان کا کہنا تھا وی وی پی اے ٹی والی ای وی ایم مشینوں سے چھیڑ چھاڑ نہ کی جا سکے اس کے لئے کافی اقدامات کئے جانے چاہئے۔