نئی دہلی ، 15؍ دسمبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا)دہلی ہائی کورٹ نے شرد یادو کی راجیہ سبھا کی رکنیت ختم ہونے کے معاملے میں دخل دینے سے انکار کیا ہے۔حالانکہ کورٹ نے حکم دیا کہ یادو کو بھتے اور سرکاری بنگلہ کا فائدہ ملتا رہے گا۔بتا دیں کہ شرد یادو نے بدھ کو دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کر خود کو راجیہ سبھا کی رکنیت کے لئے نااہل ٹھہرائے جانے کے نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔جے ڈی یو کی اپیل پر راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدر وینکیا نائیڈو نے 4 دسمبر کو شرد یادو کے ساتھ ساتھ علی انور کو بھی راجیہ سبھا کی رکنیت کے لئے نااہل قرار دیا تھا۔شرد یادو بہار کے وزیر اعلی اور جے ڈی یو اہم نتیش کمار کے بی جے پی سے ہاتھ ملانے کے بعد سے الگ ہوگئے ہیں۔اس سال جولائی میں نتیش نے بہار میں کانگریس آر جے ڈی کے ساتھ جے ڈی یو کے مہاگٹھ بندھن کو توڑ کربی جے پی کے ساتھ صوبے میں نئے سرے سے حکومت تشکیل دی تھی۔شرد نے نتیش کے اس فیصلے کی کھل کر مخالفت کی تھی۔شرد نے دعوی کیا تھا کہ ان کی قیادت والا جے ڈی یو گروپ صرف اصلی جے ڈی یو ہے اور انہوں نے الیکشن کمیشن کے سامنے جے ڈی یو کے انتخابی نشان تیر پر اپنا دعوی کیا تھا۔لیکن الیکشن کمیشن نے شرد گروپ کے دعوے کو مسترد کر دیا۔بعد میں نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین وینکیا نائیڈو نے شرد یادو اور علی انور کی راجیہ سبھا کی رکنیت ختم کرنے کا حکم دیا۔