جے پور، 27؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)راجستھان کے وزیر مملکت برائے توانائی پشپیندر سنگھ رناوت نے کہا کہ ریاست بجلی کے شعبے میں خود کفیل ہو گئی ہے اور شمسی توانائی کی پیداوار کے میدان میں راجستھان سبھی ریاستوں سے آگے ہے۔رناوت نے کل دوسہ ضلع کے لاڈلی قصبہ میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں 4500 میگاواٹ بجلی پیدا کر کے عام لوگوں کو بجلی مہیا کرانے کا کام کیا گیا ہے۔2017میں سور ت گڑ ھ اور چھبڑا میں بجلی پیدا کرنے کے لیے ایک ایک یونٹ اور شروع کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دین دیال اپادھیائے جیوتی اسکیم کے تحت ریاست کے ایک سو سے زیادہ آبادی والے گاؤں کو بجلی لائن سے جوڑا جائے گا اور بجلی کا کنکشن چاہنے والے لوگوں کو کنکشن دیا جائے گا ۔